محکمہ زراعت اور پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے‘ احمد علی طفر

محکمہ زراعت جدید زرعی ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار بڑھائی جا سکے

منگل 1 ستمبر 2015 20:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) محکمہ زراعت اور پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب احمد علی ظفر نے ایگریکلچر ریسٹ ہاؤس میں کراپ لائف پاکستان کے چیئرمین ایم سلیم ناصر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) ملتان حاجی نصیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول خالد محمود بھٹہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ احمد نوید احسن موجود تھے۔ جبکہ کراپ لائف پاکستان کے وفد میں شبیب الحسنین، میاں نصر اﷲ، راؤ فرخ آفتاب، تصدق حسین، عبدالطیف، محمد رفیق، عرفان جمیل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے وفد کو بتایا کہ محکمہ زراعت جدید زرعی ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے وفد کے شرکاء کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے زرعی زہروں پر ٹیکس میں دی گئی چھوٹ کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراپ لائف کے پلیٹ فارم سےؐؐؐ کاشتکاروں کو اعلیٰ قسم کے بیج اور معیاری زرعی زہروں کی فراہمی کے عمل کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ زرعی گریجویٹس کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں نوکریاں دیں تاکہ کاشتکاروں کو فنی رہنمائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زرعی گریجویٹس کو روزگار مل سکے۔ کراپ لائف کے نمائندہ وفد نے کہا کہ ہم محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہیں۔

وفد نے اپنے سیکٹر کی طرف سے اعلیٰ معیار کا بیج اور زرعی ادویات کاشتکاروں کو مناسب قیمت پر فراہمی کا یقین دلایا۔ وفد نے بتایا کہ کاشتکاروں کو سپرے مشینری کے استعمال کے بارے میں مکمل آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے زرعی زہروں سے متوقع نتائج حاصل نہیں ہوتے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے ایمری کے زرعی انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ سپرے مشینری کی کیلیبریشن اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔

اس موقع پر وفد نے پیسٹی سائیڈ کے کاروبار میں حائل رکاوٹوں اور دوسرے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جن کے حل کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے یقین دہانی کرائی۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر مختلف فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے حکومت بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ نئے پراجیکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :