عوام مغل بادشاہوں سے تنگ آ چکے ،اداروں کو ٹھیک کرنے کے لیے بے لاگ احتساب ضروری ہے‘ سینیٹر سراج الحق

امریکہ اور مغرب اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے مسلمانوں پر جنگیں مسلط کر کے دنیا کو بدامنی کی آگ میں دھکیل رہے ہیں،،بھارت کا جارحانہ رویہ خطے میں کشیدگی کا باعث ہے ،اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو اس کا نوٹس لیناچاہیے ‘ امیر جماعت اسلامی کا اجتماع سے خطاب

منگل 1 ستمبر 2015 20:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ عوام مغل بادشاہوں سے تنگ آ چکے ہیں، سیاستدانوں کو اب اپنی روش بدلناہوگی ،اداروں کو ٹھیک کرنے کے لیے بے لاگ احتساب ضروری ہے، مغرب کو مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا رویہ چھوڑناچاہیے ، مسلمانوں پر اپنا کلچر مسلط کرنا ناقابل قبول ہے ،امریکہ اور مغرب اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے مسلمانوں پر جنگیں مسلط کر کے دنیا کو بدامنی کی آگ میں دھکیل رہے ہیں ،بھارت کا جارحانہ رویہ خطے میں کشیدگی کا باعث ہے ،اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو اس کا نوٹس لیناچاہیے ،دنیا کو ایک بین المذاہب مکالمے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے برمنگھم میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جلسے سے برمنگھم کے ڈپٹی لارڈ میئر شفیق الرحمن اور یوکے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر زاہد پرویز نے بھی خطا ب کیا۔جلسہ میں جماعت اسلامی کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے بھی بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔سراج الحق نے کہاکہ گزشتہ 68 سالوں میں پاکستانی عوام کا بدترین استحصال کیا گیا ۔

برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے قومی مفادات پس پشت ڈال کر ذاتی مفادات کو ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ عوام سیاستدانوں کی اکثریت سے نالاں ہیں اور اب وہ چہروں اور نظام کو بدلنے کی بات کرتے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ کرپشن نے تمام قومی اداروں کو گھن کی طرح چاٹ لیاہے ہر طرف مایوسی اور ناامیدی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔چند خاندانوں نے نصف صدی سے ملکی اقتدار پر قبضہ جما رکھاہے یہی وجہ ہے کہ عوام کے اصل نمائندے ایوان اقتدار میں نہیں پہنچ سکے ۔

سیاسی پارٹیوں پرخاندانوں کا قبضہ ہے اور پسند اور ناپسند کی بنیاد پر پارٹی ٹکٹیں بیچی جاتی ہیں جس کے پاس زیادہ سرمایہ ہوتاہے وہ ٹکٹ خرید کر عوام کی گردنوں پر سوار ہوجاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام اب اس چوہے بلی کے کھیل سے تنگ آچکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں دیانتدار اور عوام دوست قیادت برسراقتدار آئے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہو ۔

سراج الحق نے کہاکہ عالمی برادری کو مسلمانوں کے ساتھ معاندانہ اور متعصب رویہ بدلناہوگا مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ دنیا پر اپنا نیا عالمی نظام اسلحے اور بارود کی قوت سے نافذ کرنا چاہتاتھا مگر اسے بدترین ناکامی کا سامنا کرناپڑاہے ۔ اب عالمی قوتیں اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے مسلم ممالک میں خانہ جنگی کرا رہی ہیں اور دنیا کو بدامنی کی طرف لے جاناچاہتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی امن کے لیے ضروری ہے کہ عالمی قوتیں لڑاؤ اور حکومت کرو کی پالیسی کو چھوڑ کر باہمی اعتماد کی فضا پیدا کریں جس کے لیے بین المذاہب مکالمے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ مسلم علاقوں کشمیر ، فلسطین اوربرما جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔