وزیراعظم موجودہ گھمبیر صورتحال میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کریں ،اس میں بھرپور بحث کے ذریعے قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، ملک نازک دورسے گزر رہا ہے ، قوم کو اس وقت مکمل یکجہتی کی ضرورت ہے،مسلح افواج دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں ، بھارت پاکستان میں مداخلت کرکے جارحیت کر رہا ہے

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان کابیان

منگل 1 ستمبر 2015 20:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے موجودہ گھمبیر صورتحال ،ملک کو درپیش خطرات اور اندرونی خلفشار سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے اور بھرپور بحث کے ذریعے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک نازک دورسے گزر رہا ہے، ایک طرف افواج پاکستان ملک کی حفاظت اور استحکام کیلئے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کر رہی ہیں اور پاکستان کی دونوں اطراف کی سرحدیں غیر محفوظ ہیں، ہندوستان اندرونی مداخلت کے علاوہ بیرونی جارحیت کر رہا ہے، ان حالات میں پاکستانی قوم میں مکمل یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے نہ تھی ، اگر آئی ڈی پیز کے مخدوش حالات پر توجہ نہ دی گئی تو پر امن علاقے میں ایک بار پھر گڑ بڑ ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اے این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے پارٹی صدر اسفند یار ولی خان کا بیان میڈیا کوجاری کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک و قوم کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑنے والے حب الوطن پاکستانی قبائل کے مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان نے دھرنا دیا اور وفاقی حکومت بھی ملکی مفاد کی بجائے موجودہ گھمبیر صورتحال میں ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔

بیان کے مطابق اسفند یار ولی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ گھمبیر صورتحال ملک کو درپیش خطرات اور اندرونی خلفشار سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے بھرپور بحث کے ذریعے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے، آئی ڈی پیز کے مسائل کے حوالے سے اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ اگر آئی ڈی پیز کے مخدوش حالات پر توجہ نہ دی گئی تو پر امن علاقہ ایک بار پھر گڑ بڑ ہونے کا امکان ہے۔

اسفند یار ولی خان کے بیان کے مطابق ملک و قوم کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تین بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے اپنی قیادت اور کارکنوں کی بے شمار قربانیوں کی وجہ سے دہشت گرد اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن یہ بات افسوسناک ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والی سیاسی قوتوں کے بارے میں منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے جو کسی بھی طرح ملک و قوم کے حق میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کے اکابرین و قائدین نے دوسرے ممالک میں سیاسی مداخلت اوراپنے ملک کی سرزمین کو دوسروں کے خلاف استعمال کرنے کی ہمیشہ مخالفت کی، اب بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان غیر جانبدار ملک کا کردار ادا کرے۔ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف اپنے قیام سے ہی کھڑی ہے لیکن کرپشن اور دہشت گردی کو الگ الگ کیا جائے اور دہشت گرد افراد کی وجہ سے سیاسی قوتوں کو بدنام نہ کیا جائے