ضرب عضب کی کامیابی کا سہرا حکومت اور فوج کے سر جاتاہے،مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر

منگل 1 ستمبر 2015 20:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ ضرب عضب کی کامیابی کا سہرا حکومت اور فوج کے سر بندھتا ہے۔ ماضی کے برعکس موجودہ دور میں حکومت اور فوج کی ہم آہنگی سے دہشت گردی کی بیخ کنی میں بہت مدد ملی ہے اور ماضی میں ملک کے طول و عرض میں آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والے درندے اب پناہ گاہیں ڈھونڈتے پھر رہے ہیں لیکن اب انہیں کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے مختلف ادوار میں ناقص داخلی اور خارجی پالیسیاں روا رکھی گئیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم کر دیا گیا، شہروں اور دیہات میں نہ کسی کی جان محفوظ رہی نہ مال، روزانہ درجنوں افراد موت کے گھاٹ اتارے جاتے رہے، زندگیاں برباد ہوتی رہیں اور حکومتیں خاموش تماشائی بنی رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان پر آشوب حالات میں مسلم لیگ ( ن ) نے بر سر اقتدار آتے ہی ملک میں قیام امن کے لئے دلیرانہ فیصلے کئے اور سمجھوتے بازی سے بے نیاز ہو کر امن دشمنوں پر قاری وار کیا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کی سانسیں اکھڑ گئیں اور اب وہ جان بچاتے پھر رہے ہیں۔

علی اکبر گجر نے کہا کہ قیام امن میں پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج کے جوانوں نے ہر مشکل گھڑی میں دفاع وطن کے لئے جان کے نذرانے پیش کئے جس کا مسلم لیگ ( ن ) اور اس کی قیادت نے دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کیا ہے اور اس کار خیر کے لئے تمام وسائل بھی فراہم کئے۔ انہوں نے کہ ضرب عضب حکومت اور پاک افواج کا عزم مصمم ہے جس نے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :