صدر مملکت ممنون حسین کا چین کے چار روزہ سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا

صدر مملکت دورے کے دور ان چینی قیادت سے ملاقات اور جنگ عظیم دوم میں چین کی فتح سے متعلق تقریب میں شرکت کرینگے

منگل 1 ستمبر 2015 20:12

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین کا چین کے چار روزہ سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا صدر مملکت دورے کے دور ان چینی قیادت سے ملاقات اور جنگ عظیم دوم میں چین کی فتح سے متعلق تقریب میں شرکت کرینگے۔ منگل کو بیجنگ انٹرنیشنل ایئر پورٹ آمد پر پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی ڈونگ اور چینی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران نے صدر مملکت کا خیر مقدم کیا۔

چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بیگم محمودہ ممنون حسین کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فا طمی بھی صدر مملکت کے ہمراہ ہیں۔ صدر مملکت فاشزم کے خلاف جنگ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جس میں پاک چینی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

(جاری ہے)

وہ چینی صدر شی جن پنگ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کرینگے جس میں صدر سربراہان مملکت و حکومت بھی شریک ہونگے۔ صدر مملکت ممنون حسین اس موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ژانگ گاؤلی سے بھی ملیں گے۔ وہ تین ستمبر کو یادگاری تقریب اور پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔ صدر ممنون حسین چینی ذرائع ابلاغ سے بھی ملاقات کرینگے جس میں پاک چین تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔