عوام کی صحت کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،میر رحمت صالح بلوچ

غیر معیاری اور جعلی اد ویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی گئی ہے،صوبائی وزیر صحت کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 1 ستمبر 2015 20:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء)صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے غیر معیاری اور جعلی اد ویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی گئی ہے گزشتہ روز کوئٹہ میں کارروائی کے دوران متاثرین وزیرستان کی ادویات فروخت کرنے پر متعدد میڈیسن ایجنسیز کو سیل کردیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ شیخ زیدہسپتال کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی ،سپوزمئی اچکزئی معصومہ حیات،سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نصیر بلوچ ،ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر تاج بلوچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میررحمت صالح بلوچ نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو شیخ زید ،بولان میڈیکل ہسپتال ، سول سنڈیمن ہسپتال غیر فعال تھے اور سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اب الحمداﷲ تینوں بڑے ہسپتالوں کو فعال کردیا گیا ہے اور عوام اس سے بھر پور استفادہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کو جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جو آغا خان ہسپتال میں بھی نہیں ہے اس مشینری کو چلانے کیلئے محکمہ صحت کے ملازمین کو خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی اور کسی کو غیر معیاری اور جعلی ادویات فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جو بھی اس گھناونے کاربار میں ملوث پایا گیا اسکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں میررحمت بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ روز ڈرگ انسپکٹر نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرین وزیرستان کی ادویات فروخت کرنے والوں متعدد میڈیسن ایجنسز کو سیل کردیا ہے۔