دہشت گردوں کوچن چن کرماریں گے،اوراپنے شہداء کے خون کاحساب لیں گے،سردار مہتاب احمدخان

ملکی امن و سلامتی کیلئے انکی قربانیاں را ئیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی کے خلاف حکومت، سیکورٹی فورسز اور قوم کا عزم کمزور نہیں ہو گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی،گورنرخیبرپختونخوا کی میڈیا سے گفتگو

منگل 1 ستمبر 2015 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) گورنرخیبرپختونخواسردار مہتاب احمدخان نے خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے زخمیوں کی عیادت کیلئے حیات آباد کمپلیکس کا دورہ کیا اور زخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور ان کی جلدصحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کااظہارکرتے ہوئے یقین دلایاہے کہ حکومت ان کے علاج معالجے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریگی اوران کی صحتیابی ممکن بنانے کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رکھی جائیگی۔

گورنرنے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ زخمیوں کاسرکاری خرچ پرعلاج کیاجائے اورکسی کاغذی کارروائی میں وقت ضائع کئے بغیر زخمیوں کوامدادی رقوم فوری طور پر ادا کی جائیں اور تمام طبی سہولیات بروقت ادا کی جائیں۔ گورنرہرزخمی کے پاس گئے اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ۔

(جاری ہے)

خیبرایجنسی سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی اور کمشنرپشاور بھی گورنرکے ہمراہ تھے جبکہ محکمہ صحت کے سینئر اہلکار اور ہسپتال انتظامیہ اس موقع پرموجودتھیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرودمیں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا اور کہاکہ دہشت گردی کایہ بزدلانہ اور المناک واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اورہرباشعور شہری کواس سے صدمہ پہنچاہے۔ انہوں نے کہاکہ بہادرخاصہ داروں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر خودکش حملہ آور کو ہجوم تک نہ پہنچنے دیا اور قیمتی جانیں بچائیں۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی اداروں اور قوم کے حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتی بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔ گورنرنے خاصہ دار اہلکاروں کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی امن و سلامتی کیلئے انکی قربانیاں را ئیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی کے خلاف حکومت، سیکورٹی فورسز اور قوم کا عزم کمزور نہیں ہو گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس انتہائی انسانیت سوز اورظالمانہ اقدامات میں ملوث عناصر کوقانون کے گرفت میں لاکر قرارواقعی سزا دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔ میڈیاسے گفتگو میں سردارمہتاب احمد خان نے خود کش دھماکہ پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ خاصدار فورس کے اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرکے عوام کوبڑے نقصان سے بچالیا واقع میں چار افراد جابحق ہوئے جس میں دو سول اور دو لیویز کے اہلکار شامل ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ضرب عزب اور خیبر ون اور ٹو آپریشن سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے،خیبر ایجنسی اور شمالی وزیر ستان میں جاری آپریشن سے دہشت گرووں کے مرکز تباہ کر کے جڑ سے اکھاڑ دیا ہے ۔دہشت گروں سے اپنے شہیدوں کے خون کا حساب لیا جائے گاپاک سر زمین سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ ہمارا نصب العین ہے۔

متعلقہ عنوان :