پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کو عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے ؛امیر جماعت اسلامی فیصل آباد ظفر حسین خان ایڈووکیٹ

منگل 1 ستمبر 2015 19:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کو عوام کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حیرت انگیز طور پر کمی کے باوجودحکومت نے عوام کو پوراریلیف منتقل نہیں کیا، اپنے شاہانہ اخراجات پورے کر نے کے لئے سرچارج اور ٹیکس لگاکرعوام پرظلم ڈھایاہے۔

دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود اشیائے خوردونوش،بجلی، ٹرانسپورٹ اورہوائی سفر پرخاطرخواہ کمی نہ کرکے عوام کوریلیف نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پوراملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو اللہ تعالی نے مادی اور انسانی وسائل سے مالامال کیا ہے لیکن حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج پوراملک غربت،بے روزگاری،مہنگائی، کرپشن،توانائی کے بحران اور قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہواہے۔

حالیہ بجٹ میں وِدہولڈنگ ٹیکس کانفاذ عوام کی جیبوں پرسرکاری ڈاکہ ہے۔ حکومت کی طرف سے یہ تاثر دیاجارہا ہے کہ یہ ٹیکس نادھندگان کے خلاف ہے حالانکہ بنکوں میں کاروباری حضرات کے علاوہ بیوگان،پنشنرزاور عام شہریوں نے اپنی زندگی کی جمع شدہ پونجی کوبنکوں میں رکھا ہواہے جب وہ اپنی ضرورت کیلئے رقم نکلواتے ہیں تو ان کی رقوم سے ٹیکس کاٹ لیاجاناہے جو ان کے ساتھ ظلم ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے ۔ 68 سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ۔اب حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیاجائے

متعلقہ عنوان :