گیس کی قیمتوں میں 63فیصد تک اضافہ عوام پر ظلم اور منی بجٹ ہے، بلال شیرازی

عوام ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام دشمن حکمرانوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں موجودہ حکمران برقرار رہے تو مزید منی بجٹ آئیں گے اور عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا ،صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

منگل 1 ستمبر 2015 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں63فیصد تک اضافہ عوام پر ظلم اور منی بجٹ ہے گیس ملک کے قدرتی ذرائع سے حاصل ہوتی ہے اس کی قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ ناقابل فہم ہے حکومت گیس چوری روکنے میں تو ناکام رہی اور گیس کمپنیوں کا خسارہ پورا کرنے کیلئے پورے ملک کی عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام دشمن حکمرانوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں ۔بلال شیرازی نے کہا کہ موجودہ حکمران برقرار رہے تو مزید منی بجٹ آئیں گے اور عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے مطالبہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے سوئی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں وقتاً فوقتاً اضافے کرکے عید سے قبل ہی عوام کو قربان کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الفور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لے اوربین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات جو 7سال کی کم ترین سطح پر ہیں ملک کے اندر اسی تناسب سے کمی کی جائے نیز بجلی کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی کرکے 7سال پرانی قیمتیں واپس لاکر عوام کو ریلیف دیا جائے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کو جواز بنا کر وقتاً فوقتاً فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا جو اب واپس لیا جائے ۔