لاہور میں مسلم لیگ کی تنظیم نو کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا ، ناصر رمضان

پارٹی نے تنظیم نو کی جو ذمہ داری تفویض کی بااحسن طریقہ سے پوری کرینگے مسلم لیگ قائداعظم ہی پاکستان کی حقیقی وارث جماعت ہے عوامی شعور کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا جائے گا ،سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ لاہور

منگل 1 ستمبر 2015 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایات پر مسلم لیگ کی اگلے ماہ شروع ہونے والی تنظیم نو کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا اور پارٹی میں سرگرم اور فعال کارکنوں کا بطور نئے عہدیدار انتخاب کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن اپنے قائدین کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تنظیم نو کے عمل میں سرگرم عمل ہیں، کارکن و عہدیداران مسلم لیگ کو مزید مضبوط ،فعال اور منظم بنارہے ہیں۔

مسلم لیگ لاہور تنظیم نو کے عمل میں بھر پور حصہ لے گی ۔پارٹی نے تنظیم نو کی جو ذمہ داری تفویض کی اسے بااحسن طریقہ سے پوری کرینگے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے قائدین چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت و احترام دیا اور انہیں تنظیمی کارکردگی کی بنیاد پر پارٹی میں اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پاکستان کو مستحکم اور منظم کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کارکن امن کے پیامبربن کر گلی محلے تک مسلم لیگ کا پیغام محبت پہنچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ذوالفقار پپن ،جنرل سیکرٹری فراز اعوان، لیبرونگ لاہور کے صدر اشرف چوہدری، حق نواز سنگلہ و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔

ناصر رمضان گجر نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم ہی پاکستان کی حقیقی وارث جماعت ہے مسلم لیگی کارکنوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے تنظیم سازی کو نچلی سطح تک مکمل کر کے امن پسند قوت کے طور پر سامنے آنا پڑے گا۔ مسلم لیگی کارکن پارٹی کا پیغام گلی محلے اور عام عوام تک پہنچانے اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے عوامی شعور کی بیداری میں اہم کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی قائدین کی ہدایت پر مسلم لیگ لاہور کو گراس روٹ سطح پر مضبوط ،مستحکم اور فعال بنایا جائے گا تاکہ بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں مسلم لیگ اہم کردار ادا کرسکے۔

متعلقہ عنوان :