محکمہ زراعت جدید زرعی ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت

منگل 1 ستمبر 2015 18:43

ملتان ۔یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) محکمہ زراعت اور پیسٹی سائیڈ کمپنیوں کے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب احمد علی ظفر نے ایگریکلچر ریسٹ ہاؤس میں کراپ لائف پاکستان کے چیئرمین ایم سلیم ناصر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) ملتان حاجی نصیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول خالد محمود بھٹہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ احمد نوید احسن موجود تھے۔ جبکہ کراپ لائف پاکستان کے وفد میں شبیب الحسنین، میاں نصر اللہ، راؤ فرخ آفتاب، تصدق حسین، عبدالطیف، محمد رفیق، عرفان جمیل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے وفد کو بتایا کہ محکمہ زراعت جدید زرعی ٹیکنالوجی کاشتکاروں تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے وفد کے شرکاء کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے زرعی زہروں پر ٹیکس میں دی گئی چھوٹ کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر مختلف فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں اپنا مئوثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے حکومت بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ نئے پراجیکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :