حریت رہنماؤں کی سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت

منگل 1 ستمبر 2015 18:41

سرینگر ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش ،حکیم عبد الرشید، بلال صدیقی اور بشیر احمد اندرابی نے بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے نوجوانوں پر زیر حراست تشدد کرنے اور ان کو قتل کرنے کے خلاف سرینگر کی پریس کالونی میں پُر امن احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حریت رہنماؤں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارت کی سات لاکھ فوج ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسلی کشی کر رہی ہے ۔

حریت رہنماؤ ں نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جولائی میں جاری رپورٹ کے مطابق آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی وجہ سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس قانون کو فوری طور پر منسوخ کرنے اورعلاقے میں قتل و غارت بند کرنے مطالبہ کیا۔انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں ہو رہی انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اقدامات کرے۔

حریت رہنماؤں نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی اور جابرانہ قبضہ ختم ہوگا اور کشمیری عوام دنیا کے دیگر آزاد لوگوں کی طرح امن و سکون کی زندگی بسر کریں گے۔

متعلقہ عنوان :