اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 55 شکایات حل کر دی ہیں ‘ افضال بھٹی

منگل 1 ستمبر 2015 18:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کمیشن میں درج کروائی گئی شکایات میں سے 55 فیصد حل کر دی ہیں ۔ یہ بات کمشنر اوورسیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے اوورسیز کمیشن پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران کہی۔انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 1243 شکایات بذریعہ ویب پورٹل رجسٹرڈ کروائی جن پر رفوری ایکشن لیتے ہوئے 55 فیصد شکایات کو فوری حل کر دیا گیا ہے ۔

افضال بھٹی نے کہا کہ لاہور کی ایک نامور پرائیویٹ سوسائٹی کے خلاف اوورسیز پاکستانیوں نے 85 شکایات کمیشن میں درج کروائیں جن میں سے 21 شکایات کو حل کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے لاکھوں روپے کے چیک سوسائٹی سے لے کر ان کے حوالے کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کمیشن نے دبئی کی رہائشی میمونہ علی شاہ ، امریکہ سے تعلق رکھنے والی مسز فاطمہ ، سعودی عرب کے رہائشی حبیب الرحمن ، محمد اختر اور امریکہ کے رہائشی محمد عارف کو ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی سالوں قبل کی گئی پلاٹوں اور گھروں کی مد میں کی گئی ادائیگی کی رقوم کے چیک لے کر حوالے کئے ہیں جبکہ باقی شکایات پر تیزی سے ایکشن جاری ہے ۔

کمشنر اوورسیز کمیشن پنجاب نے بتایا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز سے متعلق شکایات کی تعداد 18 ہے جن میں سے 10کمپلینٹس کو سیکرٹری کوآپریٹو اور اوورسیز کمیشن کی انتظامیہ نے حل کر دیا جبکہ 8 شکایات کوحل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز سے متعلق تمام شکایات ڈسٹرکٹ لاہور سے ہیں ۔ افضال بھٹی نے کہا کہ مختلف پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق شکایات کی تعداد 80 سے زائد ہے جن میں سے 14 کا ازالہ ہو چکا ہے جبکہ 41 حل کے مراحل میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی جائیدادوں اور کاروبار سے متعلق پاور آف اٹارنی دیتے وقت مختار عام کی بجائے مختار خاص کو ترجیح دیں تاکہ مشکلات او رپریشانی سے بچ سکیں ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب دیارغیر میں تعلیم پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے جس کا ثبوت ریکارڈ مدت میں 55 فیصد شکایات کا ازالہ ہے اور حکومت پنجاب کی اوورسیز کے حوالے سے مثبت پالیسیوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے اور ان کا حکومت پنجاب پر اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :