وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کا برطانیہ میں برطا نوی انجینئرنگ کمپنی ریکارڈ و یو کے لمیٹڈ کا دورہ

کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور انکی ٹیم نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا انہیں کمپنی کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی

منگل 1 ستمبر 2015 18:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے برطانیہ میں برطا نوی انجینئرنگ کمپنی ریکارڈ و یو کے لمیٹڈ کا دورہ کیا ۔ کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر لی سائیکس اور انکی ٹیم نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا انہیں کمپنی کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ریکارڈ و کمپنی انجن بنانے کا سو سالہ تجربہ رکھتی ہے ۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کے ساتھ ٹیکنیکل معاونت اور مشترکہ طور پر منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔پاکستا ن اور برطانیہ نے مشترکہ طور پر ٹیکسلا ہیوی انڈسٹری فیکٹری میں ممکنہ طور پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے بارے میں بھی غور کیا ۔بعدازاں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مارشل ایروسپیس ڈیفنس گروپ کیمریج کا بھی دورہ کیا اور گروپ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات لیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرکو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی سی130 ائیر کرافٹ بنانے اور اُن کو اپ گریڈ کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے اس موقع پر سی130ائر کرافٹ کو جدید بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مارشل کمپنی کیلئے مشترکہ منصوبہ شروع کرنے کے بہت سے مواقع ہیں جن سے کمپنی کو فائدہ اُٹھانا چاہیے ۔ وفاقی وزیر نے کمپنی کو ستمبر 2015 میں دفاعی سکیورٹی بین الاقومی نمائش (DSEI) میں شرکت کا بھی یقین دلایا۔ دونوں طرف سے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیالات ہوا۔

متعلقہ عنوان :