ہائیکورٹ نے لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی

عدالتی حکم سننے کے بعد ملزم کی فرار کی کوشش پویس نے ناکام بنا دی، پولیس سے ہاتھا پائی میں ملزم کے کپڑے پھٹ گئے

منگل 1 ستمبر 2015 17:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ، عدالتی حکم سننے کے بعد ملزم کی فرار کی کوشش پویس نے ناکام بنا دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں ملزم عمران کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گجرات پولیس نے سرور بٹ کی درخواست پر ملزم کے خلاف لڑائی جھگڑے اور تشدد کے الزامات کے تحت جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے اور پولیس ملزم کی گرفتاری کے لئے گھر پر چھاپے مار کر ملزم کے خاندان کو حراساں کر رہی ہے، پولیس کے پاس ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت اور گواہ موجود نہیں ہیلہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو حراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت سرکاری وکیل نے ملزم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے مدعی مقدمہ کو تشدد کر کے شدید زخمی کیا ہے اور میڈیکل رپورٹ میں زخموں کی شدت زیادہ بتائی گئی ہے لہٰذا ملزم کی درخواست ضمانت خارج کی جائے۔فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ملزم عمران کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ عدالتی حکم سننے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور گجرات پولیس سے ہاتھاپائی کے دوران ملزم کے کپڑے پھٹ گئے ۔ تاہم پولیس نے ملزم کی فرار کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

متعلقہ عنوان :