فیصل چوک میں ریڈ کریسنٹ میڈیکل کالج کے طلباء وطالبات کا داخلہ نہ بھجوائے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 1 ستمبر 2015 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں شاہراہ قائداعظم کے معروف فیصل چوک میں ریڈ کریسنٹ میڈیکل کالج کے طلباء وطالبات نے امتحانات کے سلسلہ میں داخلہ نہ بھجوائے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہوکر رہ گیا۔ طلباء وطالبات نے الزام عائد کیا ہے کہ نومبر2014 میں ملک کے بڑے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ریڈ کریسنٹ میڈیکل کالج میں داخلے کیے گئے اور داخلوں سے پہلے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو یقین دہانی کروائی گئی کہ ریڈکریسنٹ سوسائٹی کے زیر انتظام بنائے جانیوالے ریڈ کریسنٹ میڈیکل کالج کا الحاق یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے علاوہ پی ایم ڈی سی سے بھی الحاق شدہ ہے۔

مگر طلباء و طالبات کو تاحال رجسٹریشن سلیپس جاری نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

آئندہ روز امتحانات کا سلسلہ جاری ہوجائیگا۔ انہیں خدشہ ہے کہ ان کا تعلیمی سال ضائع نہ کردیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ طلباء وطالبات کو رجسٹریشن فوری کروائی جائے۔طلباء وطالبات نے کالج انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ کالج کی فیسوں کے علاوہ لاکھوں روپے عطیات کی مد میں وصول کئے گئے ہیں ۔ طلباء وطالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ ریڈکریسنٹ میڈیکل کالج انہیں رجسٹریشن نمبر دے گی تو وہ اپنا احتجاج ختم کردیں گے۔ احتجاجی مظاہرین نے ٹریفک روکنے کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبر صوبائی اسمبلی کی گاڑیوں کو بھی جانے کی اجازت نہ دی ۔ ٹریفک کا نظام معطل ہوکر رہ گیا۔