پولیٹیکل اور عسکری حکام کاکرم ایجنسی کے دشوار گزار علاقوں کا دورہ ،آئی ڈی پیز کی بحالی کا جائزہ لیا،کروڑوں روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان

منگل 1 ستمبر 2015 14:10

پاراچنار۔یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء )کرم ایجنسی میں پولیٹیکل حکام اور فورسز کے اعلی حکام نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں خیواص ، نرے اور دیگر سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور آئی ڈی پیز کی بحالی کا جائزہ لینے کے علاوہ موقع پر کروڑوں روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔اپنے علاقوں میں واپس آنے والے قبائل کی دوبارہ آباد کاری کا جائزہ لینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کرم امجد علی خان ، کمانڈنٹ کرم ملیشیاء عمر ملک ، ایڈیشنل پولیٹکل ایجنٹ نعیم اللہ ، اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ شاہد علی خان اور دیگر محکموں کے افسران اور میڈیاکے ٹیم کے ہمراہ خیواص اور نرے کے علاقوں میں پہنچے اور قبائلی عمائدین کے ساتھ بات چیت کے بعد پولیٹیکل ایجنٹ نے ان علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ کے ٹیمیں بجھوانے کا اعلان کیا اور موقع پر خیواص میں ایریگشین چینل پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

خیواص اور نرے کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جب کہ آئندہ سال سے نرے کیلئے پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ پولیٹیکل ایجنٹ نے چھوٹے چھوٹے منصوبوں کیلئے موقع پر دو سے پانچ لاکھ روپے تک نقد دینے کا اعلان کیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور حکومت والدین کی طرح ہوتے ہیں اور وہ کبھی بھی اپنے بچوں کو پریشان نہیں دیکھ سکتے اسلئے ان کی خواہش ہے کہ آئیندہ کیلئے قبائلی علاقے کی تعمیر و ترقی اور تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں اور ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں۔

اس موقع پر کمانڈنٹ کرم ملیشیاء عمر ملک کہ کہنا تھا کہ قبائل اپنے معاملات سمجھ داری کے ساتھ حل کریں ، حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ خیواص اور نرے کے علاقوں میں حکام کے پہنچنے پر عنایت حسین ، ملک حبیب اور دیگر قبائلی عمائدین نے ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی بار اعلی حکام نے ان کے علاقوں کا دورہ کیا ہے جس سے علاقے میں دوبارہ آباد کاری کی عرض سے پہنچنے والے قبائل کی کافی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔