ڈاکٹرعاصم کو رینجرز نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا،رانا ثنا اللہ

منگل 1 ستمبر 2015 14:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین کا شمار سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی اور با اعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے رینجرز نے انہیں دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ، انکے خلاف کارروائی پر آصف علی زرداری کا دکھ فطری ہے ،ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری قابل افسوس ہے اگر وہ کرپشن میں ملوث ہیں تو انہیں نیب کے حوالے کیا جائے اور میرٹ پر کارروائی ہونی چاہیے ،سیاستدانوں کیخلاف کارروائیوں کا انجام کھبی بھی اچھا نہیں ہو ا جس کیخلاف کارروائی ہوئی وہ دوبارہ بھاری اکثریت سے جیتا،ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاراناثنااللہ نے کہا کہ موجودہ حلات میں ہمیں متحد ہو کر ملک میں دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ اور آپریشن ضرب عضب پر فوکس کرنا چاہیے ، اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور کرپشن ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ملک سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے،آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے ،کراچی میں رینجرز کو آپریشن کا مینڈیٹ پاکستانی قوم نے دیا ہے اور وہ اسی مینڈیٹ کے مطابق کارروائی کر رہی ہے ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیب کو بھی حرکت میں آنا چاہیے اور نیب ملک میں کرپٹ عناصر کیخلاف کرروائی کرے ،انہوں نے کہا ہے کے رینجرز نے ڈاکڑ عاصم حسین کو کرپشن کے الزام میں ہی نہیں بلکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا ہے اگر رینجرز نے ڈاکٹر عاصم کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا ہے تو انصاف کا تقاضہ ہے کے انہیں نیب کے حوالے کر دیا جائے ،رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں کسی سیاستدان کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی ہم سمجھتے ہیں کے سیاستدانوں کیخلاف کارروائیوں کا انجام کھبی بھی اچھا نہیں ہوتا ،ماضی میں جس سیاستدان کیخلاف کارروائی ہوئی ہے وہ بھاری اکثریت سے جیتا ہے ۔