بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا دیا گیا

جن ایئر لائنز نے اپنی پروازیں منسوخ کیں دوبارہ بحالی کے خواہشمند ہیں ، منیجر ایئرپورٹ

منگل 1 ستمبر 2015 13:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر افسر ملک کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ کرنے اور انفراسٹرکچر کے عمل کو بہتر بنانے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی مبارکباد کے مستحق ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر سیکورٹی خطرات کے پیش نظر اور انفراسٹرکچر کی بدحالی کے باعث جن ایئرلائنز کمپنیوں نے اپنی ایئرلائنز کو منسوخ کیا تھا اب دوبارہ بحالی کے لئے رابطے میں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایئرپورٹ منیجر نے میڈیا کو بتایا کہ ایئرپورٹ کے نظام اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے اس میں کئی اہم بنیادی تبدیلیاں کی گئیں جس میں علیحدہ سے ٹیکسی ویز ، کار پارکنگ ، مسافروں کے روٹس اور اندرونی و خارجی راستوں کے علاوہ بزنس لاؤنج اور دوبارہ تعمیر شامل ہے ۔

(جاری ہے)

تمام تر سہولیات کی بہتری سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ہو گی بلکہ ایئرلائنز کے وقت اور فیول کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایئرکرافٹ آپریشن کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ایئرپورٹ کو محفوظ ترین بنانا سول ایوی ایسن کا بنیادی مقصد تھا تاہم رن وے کے اختتام کی طرف ایک لنک وے کی غیر موجودگی میں ہوائی جہاز کے موثر آپریشن میں رکاوٹ کا باعث بنا رہا۔ اس سے قبل ہوائی اڈے پر لینڈنگ طیارے کے بیک ٹریکنگ کے لئے رن وے کے وسط میں دو ٹیکسی ویز تھے جس وجہ سے ان کو خالی کروانا کے لئے اکثر تاخیر کا سامنا رہتا تھا اس نقطہ نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئے ٹیکسی وے کے قیام کا فیصلہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ بعدازاں دو ارب روپے کی لاگت سے ایک نیا ٹیکسی ویز کا قیام عمل میں لایا گیا ۔

دوسری طرف ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کو محفوظ ترین بنانے کے لئے ایئرپورٹ کے چار دیواری کو بم پروف بنایا گیا تاکہ بیرونی خطرات سے محفوظ رہا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :