آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ،اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور‘ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں پٹرولیم مصنوعات نایاب

منگل 1 ستمبر 2015 12:23

اسلام آباد/راولپنڈی/کراچی/لاہور/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کے باعث اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور‘ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں پٹرولیم مصنوعات نایاب ہوگئیں‘ لاہور میں خریداری نہ کرنے پر چھ پٹرول پمپ سیل کردیئے گئے‘ راولپنڈی اسلام آباد اور کراچی کے پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں‘ شہریوں نے حکومت سے آئل ٹینکرز مالکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا جبکہ آئل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے تک ہڑتال کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مختلف پٹرول پمپس پر نایاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان آئل ٹینکرز مالکان کی طرف سے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کی گئی جس کے باعث کراچی‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور اور فیصل آباد کے تیس فیصد پٹرول پمپس پر پٹرول کی قلت پڑ گئی جس کی وجہ سے شہری خوار ہوگئے جبکہ دن بھر پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئل ٹینکرز مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پٹرولیم اینڈ سی این جی ایسوسی ایشن کی طرف سے کل بدھ تک پٹرول کی ترسیل میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے دوسری طرف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے تیل کی ترسیل پر سیلز ٹیکس مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت نے اگر فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک گیر ہڑتال کرینگے۔

لاہور میں بھی متعدد پٹرول پمپس پر پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی حکومت کے مطابق 305 میں سے صرف 8پٹرول پمپس پر پٹرول کی عدم دستیابی ہے جبکہ خریداری نہ کرنے پر چھ پٹرول پمپس سیل بھی کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد پر بھی پٹرول کی قلت کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ سہالہ اور راولپنڈی کے ماہی ڈپو سے ٹینکرز مالکان نے پٹرولیم مصنوعات لے جانے سے انکار کردیا اور ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے تک ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔ فیصل آباد میں بھی متعدد پٹرول پمپس پر پٹرول کی عدم دستیابی پر شہری دن بھر خوار ہوتے رہے۔

متعلقہ عنوان :