کوئٹہ، بی این پی رہنما اور3 صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2دہشت گردگرفتار

منگل 1 ستمبر 2015 12:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) کوئٹہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بی این پی رہنما اور تین صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ‘ دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے‘ گرفتار دہشت گرد بلوچستان کی اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

منگل کو وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یہاں پریس کانفرنس میں گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کو پولیس اور سکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا۔ گرفتار دہشت گرد بی این پی رہنما حبیب جالب اور گزشتہ سال ارشد مستوئی سمیت تین صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انہوں نے دوران تفتیش مزید وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت شفیق اور ابراہیم کے ناموں سے ہوئی ہے اور یہ قتل کے علاوہ دیگر خطرناک کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ دونوں دہشت گرد بلوچستان میں اعلیٰ شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔