پیپلز پارٹی جنگ چاہتی ہے تو ہم گھبرانے والے نہیں، پی پی پی مفاہمت کی پالیسی ترک کرتی ہے تو کردے،(ن) لیگ خیرمقدم کرے گی، جمہوریت کی روسے پیپلز پارٹی ہماری کمزوریاں سامنے لائے، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ملکیت عوام کے پاس ہے ،وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 23:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31اگست۔2015ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی والے جنگ چاہتے ہیں تو ہم بھی گھبرانے والے نہیں، پیپلز پارٹی مفاہمت کی پالیسی ترک کرتی ہے تو بے شک کردے،(ن) لیگ اس کا خیرمقدم کرے گی، جمہوریت کی رو سے پیپلز پارٹی ہماری کمزوریاں سامنے لائے، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ملکیت عوام کے پاس ہے، اسمبلی میں کسی جماعت نے (ن) لیگ کے ساتھ نرمی نہیں برتی۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفاہمت آرمی پبلک اسکول پر حملے اور ملٹری کورٹس بنانے کے موقع پر کی گئی، باقی کسی جگہ بھی مسلم لیگ(ن) کو نہیں چھوڑا گیا، طرح طرح کی باتیں کی گئیں، اسمبلی میں کارروائی کے دوران کسی جماعت نے (ن)لیگ کے ساتھ نرمی نہیں برتی، اب ہم پیپلز پارٹی سے جنگ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن میں کسی سے کوئی زیادتی نہیں ہو رہی، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار نہ وزیراعظم کے پاس ہے نہ آصف زرداری کے، یہ اب عوام کے پاس ہے، جمہوریت کی روح اس میں ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری کمزوریاں سامنے لائے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین پر الزامات میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔