Live Updates

پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحا د نہیں ہوسکتا، پیپلز پارٹی اور(ن)لیگ نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا ، نوازشریف نے معاہدے کی پاسداری نہ کی جس پر آصف زرداری کو غصہ آیا ، آصف زرداری کا حکومت کے سیاسی انتقام بارے بیان درست ہے، آرمی چیف کا معیار بلند ہو رہا ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے اتحا د کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے مک مکا کیا لیکن نوازشریف نے معاہدے سے پھر گئے جس پر آصف زرداری کو غصہ آیا،دونوں پارٹیوں نے معاہدے سے قبل ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگائے، آصف علی زرداری کا حکومت کے سیاسی انتقام بارے بیان درست ہے، پاکستان کی عوام غریب حکمران امیر ہوتے جا رہے ہیں،جنرل راحیل شریف کا معیار بلند ہو رہا ہے ۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ 2007ء میں آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر مک مکا ہوا تھا کہ 5سال آپ پورے کریں پھر 5سال ہم لیکن نواز شریف اپنی زبان پر قائم نہیں رہتے، زرداری نے درست کہا کہ نواز شریف نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہنا چاہیے، میں رینجرز کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ خیبرپختونخوا میں آ کر آپریشن کریں جو کرپشن میں ملوث ہو اسے لٹکا دیں، ہمارا تو اپنا وزیر کرپشن میں تھا ہم نے اسے بھی نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ فوج وہ کام کر رہی ہے جو ہمیں کرنا چاہیے تھا، اس لئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک فوج کا معیار بلند ہو رہا ہے، لٹیروں کو پکڑنے سے قوم کو فائدہ ہو گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات