یوم دفاع پاکستان بھرپور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ

یادگارِ شہداء پر نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ تحریک پاکستان کے کارکنوں کے ہمراہ پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے

پیر 31 اگست 2015 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام 50واں یوم دفاع پاکستان بھرپور جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تقریباتِ یوم دفاع پاکستان کے دوران پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے تعاون سے طالب علموں کو ہفتہ بھر دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ایک خصوصی نشست میں جنگ ستمبر میں حصہ لینے والے فوجی افسران اپنے تاثرات بیان کریں گے اس کے علاوہ تمام جنگوں‘ آپریشن ضرب عضب اور دہشتگردی میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کے عزیز و اقارب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

مناواں میں واقع یادگارِ شہداء پر نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ تحریک پاکستان کے کارکنوں کے ہمراہ حاضری دیں گے‘ پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان تقریبات کے دوران تعلیمی ادروں کے طلبا وطالبات کے مابین تقریری اور جنگ ستمبر کے ترانے سنانے کے انعامی مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ایک خصوصی لیکچربعنوان”نوجوانوں کیلئے فوج میں شمولیت کے مواقع“ منعقد ہو گا۔

ٹرسٹ کے اعلامیہ کے مطابق ان تقریبات کو منانے کا مقصد قوم میں شجاعت، استقامت اور عزم و استقلال کا جذبہ پیدا کرنا ہے بالخصوص نئی نسل میں وہ دفاعی جذبہ پیدا کرنا ہے جو تعمیر وطن کیلئے اشد ضروری ہے۔ یوم دفاع مناتے وقت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھی کامل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ ان تقریبات کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے

متعلقہ عنوان :