پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری نے اپنی زندگی دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی‘ مولانا محمد شفیع جوش

تحریک پاکستان میں آپ کا کردار تاریخ کا ایک سنہری باب ہے ، یوم وصال کے موقع پر ان کی حیات وخدمات کے بارے میں منعقدہ خصوصی لیکچر سے خطاب

پیر 31 اگست 2015 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) امیر ملت حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری` نے اپنی زندگی دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ تحریک پاکستان میں آپ کا کردار تاریخ کا ایک سنہری باب ہے ۔ ان خیالات کااظہار معروف عالم دین و کشمیری رہنما مولانا محمد شفیع جوش نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنما و ممتاز روحانی شخصیت امیر ملت حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری` کے یوم وصال کے موقع پر ان کی حیات وخدمات کے بارے میں منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا ۔

اس لیکچر کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ برصغیر پاک وہند میں دین اسلام کے فروغ او ر مسلمانوں کی معاشرتی اصلاح کا قومی فریضہ انجام دینے والی شخصیات میں حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری` کی ذات ممتاز ومنفرد ہ مقام رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

آپ نے تحریک پاکستان کے ہر مرحلہ پر قائداعظم` کو اپنی مکمل تائید و حمایت کا یقین دلایا جبکہ قائداعظم محمد علی جناح` بھی آپ کی بڑی قدر کرتے تھے۔

آپ نے اپنے لاکھوں مریدین اور حلقہٴ اثر کے لوگوں کو تحریک پاکستان میں حصہ لینے کیلئے قائل کیا۔آپ نے بھرپور متحرک زندگی گزاری۔ بنارس میں منعقدہ آل انڈیا سنی کانفرنس کی صدارت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ` نے فرمائی، اس کانفرنس کے خطبہٴ صدارت میں آپ نے تحریک پاکستان کی مکمل حمایت اور قائداعظم` کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ کوئی بھی اسلامی اور ملی تحریک ایسی نہ تھی جس میں آپ نے شرکت نہ کی ہو۔ امیر ملت نے تحریک قیام پاکستان کی تائید و حمایت کیلئے سارے برصغیر کے دورے فرمائے ۔آپ کے شاگرد اور خلفاء برصغیر کے کونے کونے میں پھیل گئے اور تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا

متعلقہ عنوان :