محکمہ ہیلتھ نے غیر ملکی فارماکمپنیوں کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے ہضم کرنے کا منصوبہ بنایا ‘ طارق محمود باجوہ

پیر 31 اگست 2015 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء)مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی طارق محمود باجوہ نے کہا ہے کہ محکمہ ہیلتھ نے غیر ملکی فارماکمپنیوں کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے ہضم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،پنجاب حکومت نے یرقان کی ادویات خریدنے کیلئے محکمہ کو اڑھائی ارب روپے خرچ کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ ہیلتھ مافیا نے مقامی دوا ساز کمپنیوں کو راستے سے ہٹانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ لیبار ٹری سے ٹرائل کا بہانہ کرکے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،انہوں نے مزید کہا اس وقت پاکستان میں ہر 13میں سے ایک شخص یرقان کا مریض ہے جس کی اکثریت پنجاب میں ہے اس لئے صوبائی حکومت نے یر قان کے تدارک اور علاج کیلئے تین سال میں اڑھائی ارب روپے خرچ کرنے کی منظور دی ہے مگر محکمہ کے چند کرپٹ افسران کے اس رقم کو ہضم کرنے کی منصوبہ بندی تیار کرلی ہے ،پنجاب حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کی انکوائری کی جائے ۔