صوبائی مشیر صحت کی ڈینگی کی روک تھام کے لئے متعلقہ محکموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت

راولپنڈی ڈینگی کے حوالے سے انتہائی حساس ہے،ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں خصوصی توجہ دی جائے خواجہ سلمان رفیق کا اجلاس سے خطاب

پیر 31 اگست 2015 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور موثر ڈینگی سرویلنس کی جائے، اور ہدایت کی کہ ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں راولپنڈی پرخصوصی توجہ دی جائے کیونکہ راولپنڈی اس حوالے سے زیادہ حساس ڈسٹرکٹ ہے۔

وہ یہاں پیر کو کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سکیرٹری سید مبشر رضا،اراکین صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل،پیر اشرف رسول،چوہدری اکرم، سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر افسران،پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس ،چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم،PITB اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر اسلام ظفر نے صوبہ پنجاب خصوصا لاہور،راولپنڈی اور شیخوپورہ میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں راوی ٹاؤن،کینٹ ایریا اور اسلام آباد سے ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لاروا رپورٹ ہوا ہے اور ڈینگی کے مریض بھی انہی علاقوں سے رپورٹ ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کی تشخیص وعلاج کے موثر انتظامات موجود ہیں۔

چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ بڑے شہروں خصوصا راولپنڈی میں سالڈ ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے موثر انتظامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بارشوں کا پانی کوڑا کرکٹ میں جمع ہو کر ڈینگی کی افزائش کی آماجگاہ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی چھتوں پر برتنوں میں پرندوں کے لئے رکھا گیا پانی بھی ڈینگی کی افزائش کا موثر ذریعہ ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی کے کینٹ ایریا،راول ٹاؤن اور اسلام آباد سے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی لاروا بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہا ہے۔ مذکورہ علاقوں پر فوری طور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تمام محکمے ایس او پیز کے مطابق ڈینگی کنٹرول کے موثر اقدامات کریں اور اس سلسلے میں کوتاہی کا ہر گز مظاہرہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے محکموں کے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میں ڈینگی کنٹرول کے اقدامات کو مزید موثر بنانے،کینٹ ایریا اور وفاقی دارالحکومت کے علاقوں میں ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں پنجاب کے سرکاری محکموں کے سینئر افسران کا اجلاس 2 ستمبر کو کمشنر آفس راولپنڈی میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ڈینگی کو وبائی شکل اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا اور اس کے لئے تمام سرکاری محکموں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں انتہائی محنت اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف پوری صورتحال کو خود مانیٹر کررہے ہیں اور کسی بھی محکمے کی کارکردگی ان سے پوشیدہ نہیں ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر موثرکنٹرول کے لئے کمیونٹی کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :