ایکسین پیسکو چارسدہ کی تمام پلازوں اور مارکیٹوں کے مالکان کوایک ہفتہ کے اند ر ذاتی ٹرانسفارمر ز لگانے کی ہدایت

پیر 31 اگست 2015 23:01

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء )ایکسین پیسکو چارسدہ محمد عارف خان نے تمام پلازوں اور مارکیٹوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے اند ر ذاتی ٹرانسفارمر ز لگانے کی ہدایت کی ہے۔بصورت دیگر عمل درآمد نہ کرنے والے پلازوں اور مارکیٹوں سے بجلی منقطع کردی جائیگی۔جبکہ بجلی چوروں اور نادہند ہ گان کیخلاف کاروائی کرنے کیلئے پولیس پر مشتمل تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد محمد زئی یونین آف جرنلسٹس چارسدہ کے پینل سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیاہے۔ اس موقع پر ایس ڈی او پیسکو چارسدہ سٹی فیروز شاہ ، ہائیڈرو یونین کے چیرمین اکرام اﷲ، جنرل سیکرٹری حاجی مرجان ، سمیت دیگر عہدیدار حسن زیب اور گوہر علی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایکسین پیسکو محمد عارف خان نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی مسائل پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ بجلی چوری اور کنڈا کلچر کے خاتمے سمیت بقایاجات کی وصولی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عمرزئی کے بازاروں میں اپریشن کرکے کنڈے ہٹانے کے علاوہ نا دہندہ گان سے وصولی کر لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ میں موجوددس دکانات سے ذیادہ کمرشل پلازوں اور مارکیٹوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جسمیں انکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے لئے ایک ہفتہ کے اندر ذاتی ٹرانسفارمر لگائیں۔ بصورت دیگر انکی بجلی کاٹ دی جائیگی۔

اسی طرح چھ سے ذیادہ ائیرکنڈیشن استعمال کرنے والے بینکوں کوذاتی ٹرانسفارمر ز لگانے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات دور کرنے کیلئے شکایات سیل قائم کردیاگیاہے۔صارفین چوبیس گھنٹے اس نمبر پر 9220051 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی اوقات کار میں ذمہ داروں سمیت تمام عملے کی حاضری کو یقینی بنائی گئی ہے اور ہمارے دفاتر کے دروازے صارفین کیلئے کھلے رہینگے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا دارومدار اس علاقے کے نتائج پر ہوتا ہے۔ جن علاقوں میں بجلی کی چوری اوربقا یا جات کم ہوں ۔ وہاں پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم 132 KV گریڈکو220 KV تک اپ گریڈ کریں۔ فلورملز ، سی این جی سٹیشنز اور بازار ہمارے کمرشل ادارے ہیں جو کمرشل قیمت پر بجلی خرید تے ہیں۔ چارسدہ بازار کیلئے الگ ٹرانسفارمر لگایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹاؤٹ ایزم ، ناجائز جرمانوں اور اوور بلنگ کا خاتمہ کردیاگیاہے۔ بجلی صارفین بلوں کی درستگی سمیت بجلی کے مسائل کیلئے خود ہمارے ساتھ رابطہ کریں۔ ہم انکے جائز شکایات دور کرینگے۔ جن علاقوں میں بجلی کے مسائل ذیادہ ہوں۔ وہاں کے عوام کھلی کچہری کا اہتمام کرکے ہم وہاں پر جاکر بجلی صارفین کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور نادہندہ گان کیخلاف اپریشن شروع کر دیا گیاہے۔ جس کے لیے پولیس اور محکمہ واپڈا کے اہلکاروں پر مشتمل تین ٹیمیں دیدی گئی ہے۔ جو بلاامتیازکاروائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں جزااور سزا کا سسٹم موجود ہے۔ڈیوٹی سے کوتاہی برتنے اور صارفین کو ناجائز طریقے سے تنگ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف قانونی کاروائی کی جائیگی ۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بجلی چوروں اور کنڈے استعمال کرنے والوں کے نشاندہی خفیہ طریقے سے کریں۔انکے نام سینے راز میں رکھے جائینگے تاکہ بجلی چوروں کیخلاف موئثر کاروائی کی جاسکے۔