سی این جی اور چنگ چی رکشے بحال نہ ہو ئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے ،مقررین کا اعلان

پیر 31 اگست 2015 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل اور چنگ چی و سی این جی رکشوں کی بحالی کے لیے جماعت اسلامی کے تحت پیر کے روز ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقررین نے خطاب کر تے ہوئے اعلان کیا کہ اگر چنگ چی اور سی این جی رکشے بحال نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اس روز گار سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کو بھوک اور افلاس کی طرف دھکیلا گیا تو محلات میں رہنے والے بھی چین سے نہیں رہیں گے ۔

3ستمبر کو کراچی پریس کلب میں سند ھ کنونشن منعقد ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔مظاہر ے سے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے نائب امیر خالد صدیقی ،بحالی روزگار و ٹرانسپورٹ کمیٹی کے چیئرمین محمود حامد ، چنگ چی وسی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر صفدر شاہ قادری ، شاہد مسعود، ملک شفیق،محمد منور، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی چیپٹر کے جنرل سیکریٹری شہزاد مظہراور دیگر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اس روزگار سے وابستہ ہزاروں افراد کے روزگار کو بحال اور سی این جی و چنگ چی رکشوں کو ریگولرائز کیا جائے اور گذشتہ دنوں پولیس نے سی این جی اور چنگ چی رکشوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا ان کو فی الفور چھوڑ ا جائے۔خالد صدیقی نے کہا کہ کراچی میں ہزاروں افراد چنگ چی اور سی این جی رکشوں کے روز گار سے وابستہ ہیں ان کو بے روز گار کر نا اور فاقہ کشی پر مجبور کر نا سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔

جماعت اسلامی عوام کے حقوق اور جدو جہد کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی ۔کراچی منی پاکستان ہے مگر حکومت یہاں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کر نے پر آمادہ نہیں ۔عوام سے روز گار چھیننا ظلم ہے ۔جماعت اسلامی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔محمود حامد نے کہا کہ ہم پر امن جدو جہد کر رہے ہیں ۔ ہم نے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ۔حکمرانوں نے کان نہ دھرے اور چنگ چی و سی این جی رکشے بحال نہ کیے گئے تو یہ احتجاج وزیراعلیٰ ہاؤس تک جا سکتا ہے 10ہزارسے زائد رکشے پولیس نے غیر قانونی طور پر ضبط کیے ہیں جو سراسر ظلم ہے ۔

صفدر شاہ قادری نے کہا کہ ہزاروں افراد کو بے روز گار کر کے بھوک اور افلاس کی طرف دھکیلاگیا تواونچے محلا ت میں رہنے والے بھی چین سے نہیں رہ پائیں گے ۔ ہم 2010سے سی این جی و چنگ چی رکشوں کو ریگو لرائز کر نے کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر ہمارے مطالبے پر کان نہیں دھرے جا رہے ۔ہم ہائی کورٹ کے فیصلے کو مانتے ہیں ۔عدالت عالیہ نے انہیں بند کر نے کا نہیں ریگو لرائز کر نے اور پرمٹ دینے کا کہا ہے مگر حکومت اپنی من مانی کر رہی ہے ،شفیق ملک نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھنے والوں نے غریب کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے کر دیئے ہیں ۔

ہم قانون کی خلاف ورزی کر نا نہیں چاہتے مگر حکمرانوں سے یہ چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کرے ۔ شہزاد مظہر نے کہا کہ چنگ چی رکشہ کی بندش کی وجہ سے ہزاروں گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہوگئے ہیں ۔جماعت اسلامی نے سب سے پہلے اس مسئلے پر آواز بلند کی جو لوگ بے روز گار ہو ئے ہیں ان کے مسائل و مشکلات سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں ۔حکومت فی الفور چنگ چی و سی این جی رکشوں کو بحال کرے ۔

متعلقہ عنوان :