کے الیکٹرک، انجینئرنگ کونسل اور پولیس کے خلاف بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کی جائے، نسیم اے سحر

پاکستان کے عوام چوروں، لٹیروں اور دہشتگردوں کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی دلی خواہش رکھتے ہیں،اجلاس سے خطاب

پیر 31 اگست 2015 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) پاکستان بچاؤ پارٹی کراچی کے صدر نسیم اے سحرنے کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف حالیہ آپریشن کی حمایت اور خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ Kالیکٹرک، انجینئرنگ کونسل اور پولیس کے خلاف بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کی جائے اور ان اداروں کے افسران کو شامل تفتیش کرکے بڑے مگرمچھوں کے گرد گھیراتنگ کیاجائے۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر کلفٹن کراچی میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ آپریشن پر ہم پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیز باالخصوص پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی شبانہ روز کاوشوں اور حب الوطنی کے باعث ملک میں امن قائم ہوچکاہے، اور دہشتگرد اپنے بلوں میں چھپ کر بیٹھ گئے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ دہشتگردوں اور ملکی دولت لوٹنے والوں کو ان کے بلوں سے کھینچ کرنکالاجائے اور سرعام سزادے کر عوام کی دیرینہ خواہش کو پوراکیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام چوروں، لٹیروں اور دہشتگردوں کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی دلی خواہش رکھتے ہیں، کیونکہ ان لٹیروں نے عوام کو سکون کا ایک سانس لینے نہیں دیا۔بجلی ،پانی اور گیس جیسی اہم ضرورت کی عدم فراہمی، سڑکوں کی حالت زار، سیوریج کی ابتری، اسٹریٹ کرائمز کی بھرمار ،قتل وغارتگری سے عوام تنگ آچکے تھے موجودہ دورمیں جنرل راحیل شریف کی کاوشوں سے امن وامان آچکاہے،عوام خوش ہورہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ خوشی دائمی رہے اس کے لئے آپریشن کے ذمہ داران کرپٹ ترین اداروں Kالیکٹرک، انجینئرنگ کونسل ،پولیس اور محکمہء صحت کو بھی آپریشن کے دائرہء کار میں لائیں اور ان کے کرپٹ سربراہان اور افسران وذمہ داران کو بھی انساف کے کٹہرے میں لاکر کڑااحتساب کریں۔

انہوں نے بھارت کو سخت ترین جواب دیاجائے پوری قوم متحدہے اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لئے اپنی پاک افواج کے ساتھ ہے۔