کراچی میں امن ایک خواب بن چکا تھا رینجرز کی کاوشوں کے سبب حالات بہتر ہوئے ہیں ، ثروت اعجاز قادری

پیر 31 اگست 2015 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہوگا،کرپٹ عناصر کے ہاتھ کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے ،قومی دولت لوٹنے والوں نے غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر غربت کو فروغ دیا ہے ،نیشنل ایکش پلان کے تحت جاری آپریشن کو عوام ہر حال میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں ،کرپشن میں ملوث بڑے مگر مچھوں کے خلاف ملک بھر میں یکساں آپریشن کیا جائے ،دہشتگردی ،کرپشن ،انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ،قومی دولت لوٹنے والے ملک وقوم کے گناہ گار ہیں قانون بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام کرئے ،پاک فوج ،رینجرز ودیگر اداروں کو آزادی سے کام کرنے دیا جائے ،کراچی میں امن ایک خواب بن چکا تھا رینجرز کی کاوشوں کے سبب حالات بہتر ہوئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر لاہور سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ الزام تراشی کی سیاست کا اب خاتمہ ہونا چاہیے ،پاکستان انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے ملک دشمن بھارت سرحدوں پر جارحیت کررہا ہے ،بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے ،پوری قوم مذہبی وسیاسی جماعتیں بھارتی دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں ،پاکستان خطے میں امن چاہتاہے اور بھارت خطے کو مشکلات سے دوچار کرنا چاہتا ہے ،عالمی طاقتیں ،بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ جنوبی ایشیاء میں ابھرتی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں ،انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی کاوشوں کے سبب ملک کی ترقی کی طرف گامزن اور دہشتگردی کی کمر ٹوٹی ہے ،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ضرب عضب آپریشن کی حمایت کرتے رہینگے ۔

متعلقہ عنوان :