پیپلز پارٹی کراچی کے وفد کی عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات

ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اتحاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 31 اگست 2015 22:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سے مردان ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن صدر نجمی عالم کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد نے ملاقات کی ،وفد میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی ،ندیم بھٹو سمیت دیگر رہنماء بھی شامل تھے ،ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اتحاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء نجمی عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے اے این پی کے رہنماؤں سے مذاکرا ت کیلئے مردان ہاؤس میں حاضر ہوئے تھے۔

ہمارے یہاں آنے کا مقصد آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ملکر بلدیاتی الیکشن لڑنا اور بلدیاتی الائنس بنانا تھا ۔

(جاری ہے)

بڑی خوش آئند بات ہے کہ اے این پی کے دوستوں نے ہمیں بڑے کھلے دل سے ویلکم کیا، اسی سلسلے میں آج ہماری پہلی میٹنگ تھی انشاء اﷲ اس سلسلے میں مذید میٹنگز ہونگی۔شہر کراچی دیکھے گا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اے این پی اور دوست بھی جیسے ہمارا جے یو آئی سے بھی سندھ کی سطح پر الائنس ہوا ہے اور بھی پارٹیوں سے جو ہمارے ساتھ آنا چاہیں گی ہم ان کے ساتھ مل کر کراچی میں بلدیاتی الیکشن لڑینگے۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ جس طرح نجمی صاحب نے آپ کو بتا یا کہ کراچی اور پورے سندھ میں جو بلدیاتی الیکشن ہونے جارہے ہیں اسی سلسلے میں یہ ہمارے دوست ہمارے پاس آئے ہیں جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ خیبر پختون خواہ میں جول حال ہی میں بلدیاتی الیکشن ہوا ہے وہاں بھی ہمارا جے یو آئی، پی پی اور اے این پی کا سہہ فریقی اتحاد تھا،اسی سے ہم نے الیکشن لڑا اسی طرح پچھلے سال بلوچستان میں بھی الائنس تھا، انشاء اﷲ کوشش کرینگے کہ اس شہر میں بھی ہم مل کر بلدیاتی الیکشن لڑینگے ۔

ہم کوشش کرینگے کہ اس شہر کو جو آج سے پچیس تیس سال پہلے یہ جو روشنیوں کا شہر تھا ہم اس شہر کو اپنی اصل حالت میں اُسی طرح روشنیوں کا شہر بنا سکیں اور اس شہر کو اصل قیادت دے سکیں جس طرح ماضی میں ہمیں یہ شکایت رہی کہ یہاں پر ٹھپہ مافیا اور بہت ساری چیزیں تھی۔اب ہم سب کی تمام سیاسی پارٹیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم باقاعدہ تیاری کے ساتھ الیکشن لڑ یں ،اس موقع پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے مذید کہا کہ آج پی پی پی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے ہمارے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید آئندہ چند روز ملک واپس آئیں گے اس کے بعد ہی پارٹی کوئی واضح فیصلہ کرسکے کی ہمارے خواہش ہے کہ تمام ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ملکر انتخابات میں حصہ لیں۔