پاکستان فشر فوک فورم کی طرف سے تحقیقی رپورٹ کی پذیرائی کیلئے مقامی ہوٹل میں سیمینار منعقد کیا گیا

ملک خاص طور پر صوبائی سطح پر پائیدار فشریز پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ ماہی گیر آزادانہ طور پر اپنا روزگار حاصل کرسکیں، محمد علی شاہ

پیر 31 اگست 2015 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) پاکستان فشر فوک فورم کی طرف سے ماہی گیری شعبہ کے متعلق قانونی جائزہ لینے کے بعد اس میں مزید بہتری کیلئے تحقیقی رپورٹ کی پذیرائی کیلئے کراچی کی مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے سید حفیظ الدین، پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز اسلم انصافری، ایچ آر سی پی کے وائس چیئرپرسن اسد اقبال بٹ، پائلر کے شجاع قریشی، ڈاکٹر علی ارسلان، سعید بلوچ، مصطفی گرگیز سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ماہی گیروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ماہی گیری شعبہ کے متعلق موجودہ قانون کا جائزہ لینے کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایاگیا کہ بین الاقوامی قانون خاص طور پر اقوام متحدہ کے خوراک و زراعت کے ادارے FAO کی طرف سے چھوٹی پیمانے کی پائیدار ماہی گیری کے متعلق جاری کردہ رضاکارانہ اصولوں کے مطابق ملکی اور صوبائی پائیدار فشریز پالیسی مرتب دینا وقت کی اہم ضروت ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں پیش کردہ تحقیقی رپورٹ میں یہ تجویز کیا گیا کہ صوبائی سطح کی پائیدار فشریز پالیسی کا محور ماحولیاتی تحفظ، انسانی حقوق، خوراک کا تحفظ اور سوشل سیکورٹی پر مشتمل ہونا چاہئے۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا کام ہم ماہی گیروں کی تنظیم نے بڑی محنت اور جدوجہد سے سائنسی انداز میں تحقیق کرنے کے بعد کیا ہے، لیکن افسوس ہے کہ حکومت سے وابستہ منتخب نمائندے اور سرکاری محکمات کسی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فشریز ڈپارٹمنٹ سے منسلک افسران اور وزراء غیر واسطہ دار ہوتے ہیں، جنہیں مسائل کا کچھ پتہ نہیں ہوتا اور وہ بہتر پالیسی مرتب دینے کی بجائے اپنے کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک خاص طور پر صوبائی سطح پر پائیدار فشریز پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ ماہی گیر آزادانہ طور پر اپنا روزگار حاصل کرسکیں۔ اس موقع پر سیمینار سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے سید حفیظ الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز اسلم انصافری، ایچ آر سی پی کے وائس چیئرپرسن اسد اقبال بٹ، پائلر کے شجاع قریشی، ڈاکٹر علی ارسلان، سعید بلوچ، مصطفی گرگیز و دیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :