والڈ سٹی اتھارٹی کا ناجائز تعمیرات کے خلاف آپریشن‘مستی گیٹ پلازہ مسمار

سرکاری زمین واگزارکرا لی گئی ،قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرینگے‘ ترجمان تانیہ قریشی

پیر 31 اگست 2015 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء )والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ناجائز تعمیرات اور پلازوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا، مستی گیٹ کے علاقے میں پلازہ مسمار کر کے سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی، ناجائز تعمیرات کی حتمی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے اس حوالے سے بتایا کہ ناجائز تعمیرات کے خلاف تمام معلومات اکٹھی کر لی گئی ہیں اس حوالے سے بہت سی تعمیرات کے کیسز عدالت میں بھی چل رہے ہیں، جن کے خلاف کارروائی عدالتی فیصلوں کے بعد کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کے سربراہ کامران لاشاری کی ہدایات کے مطابق بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ رات سے ناجائز تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مذکورہ پلازہ تھانہ مستی گیٹ کے بالکل ساتھ سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 80کروڑ مالیت سے زائد کی پراپرٹی پر قابض امیر خان، تاج خان اور شیر افضل کو اتھارٹی کی جانب سے بارہا نوٹس بھی بھیجے جا چکے تھے۔

جس پر قابض پارٹی نہ صرف اتھارٹی افسران کو دھمکا رہی تھی بلکہ قبضہ نہ چھوڑنے پر بھی بضد تھی۔گزشتہ رات ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ رفعت پاشا، ٹاؤن انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے مشترکہ آپریشن سے اس پلازہ کو مسمار کر کے پراپرٹی واگزار کر لی گئی ہے۔تانیہ قریشی نے کہاکہ ہمارا مقصد اندرون لاہور کے حسن کو اجاگر کرنا ہے اور اس کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔