پاکستان بھی یورپ کی طرح ترقی کر سکتاہے مگر لٹیرے حکمرانوں نے ملک کو بھکار ی بنادیاہے ‘سراج الحق

پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی زنجیروں میں جکڑا ہواہے ، قومی دولت لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے جو لوگ ملک میں کاروبار نہیں کرناچاہتے انہیں یہاں سیاست کا بھی کوئی حق نہیں ، سیاسی برہمنوں سے آزادی کا وقت قریب آگیاہے‘امیرجماعت اسلامی

پیر 31 اگست 2015 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان بھی یورپ کی طرح ترقی کر سکتاہے مگر لٹیرے حکمرانوں نے ملک کو بھکار ی بنادیاہے ، پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی زنجیروں میں جکڑا ہواہے ، قومی دولت لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے ،جو لوگ ملک میں کاروبار نہیں کرناچاہتے انہیں یہاں سیاست کا بھی کوئی حق نہیں ، سیاسی برہمنوں سے آزادی کا وقت قریب آگیاہے ، مظلوم عوام ظالم جاگیرداروں ، وڈیروں اور ساہوکار وں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار لندن میں تین روزہ احباب کنونشن کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور برطانیہ میں جماعت اسلامی کے ترجمان سید شوکت علی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ برطانیہ اور یورپ میں لاکھوں پاکستانی اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں ، پاکستا ن کو اگر کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں سے آزاد کرالیا جائے تو پاکستانیوں کو روزگار کے لیے کسی دوسرے ملک کا رخ نہ کرنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھاہے اور محنتی اور جفاکش پاکستانی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں مگر پاکستان اپنے نااہل اور خود غرض حکمرانوں کی وجہ سے ترقی و خوشحالی سے محروم ہے ۔ غریب عوام دو وقت کے کھانے کو ترستے ہیں جبکہ اشرافیہ نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھاہے اور حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کے چرچے چہار دانگ عالم سنائی دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانی اپنی اور ملک کی شناخت کو برقرار رکھیں اور اپنے کردار سے ثابت کریں کہ وہ دنیا میں تہذیب و تمدن اور اخلاق کے لحاظ سے کسی سے پیچھے نہیں ۔ انہوں نے برطانیہ میں زیر تعلیم 45 ہزار طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اعلیٰ اور امتیازی حیثیت سے مکمل کریں اور واپس پاکستان آ کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہاکہ جو حکمران قومی سرمایہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کررہے ہیں اور اپنا کاروبار پاکستان کی بجائے دنیا کے دوسرے ممالک میں پھیلا رہے ہیں انہیں پاکستان پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔ ایسے لوگوں کو پاکستان کی جان چھوڑ دینی چاہیے ۔ اگر وہ اپنا سرمایہ ملک میں نہیں لاسکتے تو انہیں خود بھی باہر ہی رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ لٹیروں کے پیٹ پھاڑ کر قومی دولت نکلوائی جائے ۔

عوام متحد ہو کر جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں تو ہم چند سال میں ہی پاکستان کو ایک اسلامی اور ویلفیئر ریاست میں بدل دیں گے جہاں عام آدمی کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں گے جو حکمرانوں کو حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عدل و انصاف ، تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کا اولین فرض ہوتاہے مگر ملک پر حکمران رہنے والے سیاسی پنڈتوں کے ٹولے نے عوام کو ان سہولتوں سے محروم کررکھاہے ۔