اے این ایف کی ملک بھر میں 11کامیاب کاروا ئیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

2 خواتین سمیت 11افراد گرفتار ، 2گاڑیاں قبضے میں لے لیں برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار بیرونِ ملک اسمگل کی جانی تھی

پیر 31 اگست 2015 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں عمل میں لائی گئی 11کامیاب کاروائیوں کے نتیجے میں منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی جس میں5.17ٹن چرس،10کلوگرام ہیروئن اور3کلوگرام افیون شامل ہے، جن کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 12ارب 48کروڑ روپے بنتی ہے ۔ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 خواتین سمیت 11افراد کو گرفتار کر لیاگیااور 2گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔

برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار بیرونِ ملک اسمگل کی جانی تھی۔ اے این ایف کوئٹہ نے اطلاعات پر مبنی کاروائی کرتے ہوئے قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے غیر آباد علاقے سے5166 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق، مذکورہ منشیات پلاسٹک کی 101بوریوں میں چھپائی گئی تھی، جن میں سے ہر ایک کا وزن 51کلوگرام تھا۔

(جاری ہے)

یہ منشیات آبادی سے دور پہاڑوں کے دامن میں واقع ایک غیر آباد مقام پر ذخیرہ کی گئی تھی اور مبینہ طور پر بلوچستان کے ساحلی علاقے پرواقع کسی محفوظ مقام پر منتقل کئے جانے کے بعد بیرونِ ملک اسمگل کی جانی تھی۔

اے این ا یف راولپنڈی ائیرپورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پرکرم ایجنسی کے رہائشی بہادر نامی مسافر کو حراست میں لیا جس نے دورانِ تفتیش پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا ۔ملزم ائیر بلیو کی فلائیٹ نمبر PA-210 کے ذریعے دبئی روانہ ہو رہا تھا۔اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے جی ٹی روڈ سوہاوہ کے قریب ترکی ٹول پلازہ پر ایک سوزوکی آلٹو کار رجسٹرڈ نمبر IDN-6021 کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 3 کلوگرام چرس برآمد کر لی اور گاڑی کے ڈرائیور درہ آدم خیل کے رہائشی محمد عزیز نامی ملزم کو موقع حراست میں لے لیا ۔

اے این ایف راولپنڈی نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں چھاپہ مار کر مری کے رہائشی عامر شہزاد نامی ایک شخص کو گرفتار کیا۔ ملزم کے سامان کی تلاشی کے نتیجے میں 1کلوگرام ہیروئن اور 1کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ اے این ایف لاہورروڈ چیک ٹیم نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے خوشاب شہر میں واقع سرگودھا روڈ سے2خواتین سمیت 3ملزمان کو حراست میں لیا۔

ملزمان کی تلاشی کے نتیجے میں ان کے ذاتی قبضے سے 2.5کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار شدہ ملزمان مقامی سطح پر منشیات کی ترسیل میں ملوث تھے۔اے این ایف لاہور نے سکائی نیٹ ورلڈ وائیڈ ایکسپریس کے لاہور آفس سے UKکے لئے بُک کیا گیاپارسل قبضے میں لے کر اس میں موجود زنانہ پرس میں چھپائی گئی 0.400کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے موٹر وے ٹول پلازہ ، پشاور پر 1 مسافر ٹویوٹا ہائی ایس گاڑی نمبر LES-3110 کی تلاشی کے دوران پشاور کے رہائشی 2ملزمان نیاز پروانہ اور ارشد خان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کی تلاشی کے نتیجے میں ان کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے موٹر وے ٹول پلازہ ، پشاور پر 1 مسافر کوچ نمبر P-0099 کو قبضے میں لے کر پشاور کے رہائشی 1ملزم بشیرخان کو حراست میں لے لیا،جس کی تلاشی کے نتیجے میں اس کے قبضے سے 3کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف پشاور ٹیم نے کے ڈی اے روڈ، کوہاٹ پر ایک ٹویوٹا کرولا کارکوروک کرتلاشی لینے پر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 6کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی اور گاڑی کے ڈرائیور حیثیت علی نامی ملزم کو موقع پر حراست میں لے لیا ۔اے این ایف کراچی نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے عبدو گوٹھ ، شکار پور سے شکار پور کے رہائشی عطا حسین شاہ نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔تما م مقدمات اے این ایف کے تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں ، مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :