ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے متاثرین کو لاوارث نہیں چھوڑینگے،سرداریعقوب

متاترین کی مالی و جانی نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،ہ بھارت کی بزدلانہ کاررائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ،صدرآزادکشمیر کی کندن پور میں متاثرین سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے متاثرین کوحکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر لاوارث نہیں چھوڑے گی ، متاترین کی مالی و جانی نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ باؤنڈی سیالکوٹ کے گاؤں کندھن پور ہ کے متاثرین ملک محمد اختر ، عبدالوہاب اور قاسم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جن کے خاندان کے 7 افراد بھارتی فائرنگ سے گزشتہ دونوں شہید ہو گئے تھے ۔ اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل سردار محمد نعیم بھی موجود تھے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور میں شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء نے مادر وطن کی ڈھال بن کر جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ پوری قوم ان کی اس عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بھارتی فوج کو اس کا مزا چکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان بھارتی فوج کی اس جارحانہ کارراوائیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ے ۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن کے دوسری جانب دیہات میں یہی مسلمان آباد ہیں جو پہلے ہی بھارتی فوج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ اس لیے پاکستانی فوج بلا امتیاز کارروائی نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج بین الاقوامی اصولوں کے تابع کام کرتی ہے ۔ سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنا سکتی ۔ پاک فوج کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ بھارتی فوج سولین آبادی پر جو گولہ باری کرتی ہے اس کے جواب میں صرف بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کو ہی نشانہ بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جنگجونہ ذہانت کا حامل ہے ۔ جو انتہا پسند ہندؤں کے پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر اقتدار میں آیا ہے ۔ اس لیے ایسے شخص سے صلح یا امن کی امید رکھنا بے سود ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم راء کے حکام اورویشواء ہندو پریشد جیسی انتہا پسند تنظیموں کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے ۔ جس کا حتمی نتیجہ برصغیر میں ایٹمی جنگ کی صورت میں نکل سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں میں اس طرح کی کارروائیوں کے نتیجے میں ایٹمی تصادم ہو گیا تو ہندو مذہب صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ اس موقع پر شہداء کے ورثاء ملک محمد اخترنے صدر آزاد کشمیر کی طرف سے دلجوئی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت کی ان بزدلانہ کاررائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :