کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کے فیصلے پر غور

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے مختلف علاقوں میں تعینات ٹریفک اہلکاروں کو اسلحہ فراہمی کی درخواست دی تھی،اعلیٰ افسران آئندہ اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کرینگے

پیر 31 اگست 2015 21:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کے فیصلے پر غور کیا جارہا ہے، کراچی پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں تعینات ٹریفک اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کی درخواست دی ہے۔جس پر پولیس کے اعلیٰ افسران آئندہ اجلاس میں مشاورت کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل کے واقعات کے بعد کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ چند سال قبل اس کے وقت آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے بھی ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں اس اعلان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گذشتہ روز کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات لئے گئے ہیں، جس کے مطابق حملہ آور قمیض شلوار میں ملبوس اور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔حملہ آوروں کی تعداد دو تھی عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے بھی بنائے جائیں گے، جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے چار خول ملے تھے جنہیں فارنزک لیب بھجوادیا گیا ہے، واقعاتی شواہد کی مدد سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :