چھ ستمبر کو جماعت اسلامی لاہور میں عظیم الشان عزم نو کانفرنس کرے گی

عوامی جلسہ عام سے سراج الحق اور دیگر قائد ین خصوصی خطاب کریں گے ‘امیرجماعت اسلامی لاہور

پیر 31 اگست 2015 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر ملکی سالمیت بے روز گاری ،مہنگائی ، غربت اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان عزم نو کانفرنس وحد ت کالونی گراؤ نڈ لاہور میں ہوگی ۔ اس عوامی جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔

علاوہ ازیں عزم نو کانفرنس میں دیگر اہم قائدین بھی خطاب کریں گے ۔اس عوام جلسہ عام میں مرد خواتین بڑی تعداد شرکت کریں گے ۔ دریں ثنا امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے عزم نو کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ۔ لاہور میں اس حوالے سے بڑے پیمانے پر پوسٹر ، پمفلٹس اور بینرز آویزں کر دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مذید براں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا کہ ملک کی سیاسی ، معاشی، ثقافتی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے غربت کی وجہ سے معاشرے کے سفید پوش لوگ اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ بے شمار نعمتوں سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں اور ان کی زندگی مزید مشکلات کا شکارہو تی جاری ہے ۔ان حالات میں ملک کے سنجیدہ ، متین اور با اثر شہریوں کی ذمہ داریوں میں دو چند اضافہ ہو گیا ہے ۔

اس وقت ہر پاکستانی کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم سب عملی اقدامات اٹھا نے کے لیے پاکستان میں رہنے والے ـ"عام لوگوں "کے حالات بہتر بنانے کے لیے حقیقی قومی لیڈر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے ساتھی بنیں اور چھ ستمبر کو لاہور کے بڑے جلسہ عام میں شریک ہو کر محب وطن پاکستانی اور اسلام سے محبت کا ثبوت دیں ۔