چیف سیکرٹری پنجاب کا سرکاری سکولوں کی مخدوش عمارتوں کی فوری تعمیر کا حکم

انرولمنٹ مہم کے اہداف کے حصول کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں‘ خضر حیات گوندل کی ہدایت

پیر 31 اگست 2015 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری سکولوں کی مخدوش عمارتوں کی تعمیر کاکام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لیے تمام وسائل مہیا کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی مخدوش عمارتوں کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں اس لئے تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انرولمنٹ مہم کے اہداف کے حصول کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب نے غیر معیاری اور حرام مردہ گوشت کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کے نام عوام کوزہر کھلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے اور اس کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جائیں۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو مختلف محکموں کے سیکرٹریز ، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی اولاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :