سکھ میریج ایکٹ بنانے اور مستحق طلباء کو وظائف دینے کیلئے کمیٹی تشکیل

چیئرمین بورڈ کی طرف سے میٹر ک میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی منبیر کور کو 1لاکھ روپے کا چیک دیا گیا سکھوں کے مذہبی مقامات کی تنزئین و آرائش کے لیے قوانین میں تبدیل کی جائے گی ‘ چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاروق

پیر 31 اگست 2015 20:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاورق نے سکھ برادری کے مستحق افراد اور طلباء وطالبات کے وظیفہ کے لیے دس لاکھ روپے پر مشتمل فنڈ قائم کر دیاجس میں پانچ لاکھ روپے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور پانچ لاکھ روپے ٹرسٹ بورڈ ابتدائی طور پر مہیا کرے گااورمیرٹ پر وظائف کی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ایک سب کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی ،جبکہ چیئرمین بورڈ نے میٹر ک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والی طالبہ منبیر کور کو ایک لاکھ روپے کا چیک دیا اس موقع پر ڈاکٹر سورن سنگھ و دیگر سکھ رہنما انکے ہمراہ تھے،سکھ برادری کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ میریج ایکٹ نہ ہونے کی وجہ سے سکھ برادری کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جسکے فوری حل کے لیے پردھان شام سنگھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد از جلد بمطابق قانون اپنی تجاویز تیار کرکے تحریر ی طور پر آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ سکھوں کے مقدس مقامات کی تزئین آرائش کے لیے متروکہ املاک بورڈ کے ایکٹ میں ترمیم کے لیے سردار رمیش سنگھ اڑوڑا ایم پی اے کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ،انہوں نے مزید بتایا کہ گوردوارہ صاحبان کے گرنتھی صاحبان کے سکیل کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کہ گوردوارہ صاحبان جیسا کہ گوردوارہ جنم استھان سری ننکانہ صاحب ،گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال ،گوردوارہ سری ڈیر ہ صاحب لاہور اور گوردوارہ سری دربار صاحب کرتار پور میں موجود 5سینئر سیوا داروں کو گریڈ14او رباقی تمام سیوا داروں کو گریڈ 11 میں ترقی دے دی گئی ہے جس پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔