بجلی کے بریک ڈاؤن میں تعطل سے ہونیوالی پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے سولر سسٹم لگانے کی فزیبیلٹی بنائی جائے،ایم ڈی واٹربورڈ

پیر 31 اگست 2015 19:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ سجاد حسین عباسی نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کے اہم پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن میں تعطل سے ہونے والی پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے سولر سسٹم لگانے کی فزیبیلٹی بنائی جائے تاکہ متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی ممکن ہو اور بجلی کے تعطل کے باعث شہر میں فراہمی آب متاثر نہ ہو اور شہریوں و بلک صارفین کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جاسکے یہی ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا واٹربورڈ کے افسران اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے فراہمی آب کے سسٹم کو مزید فعال بنائیں واٹربورڈ کو ریکوری اور ناجائز ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کے لئے مستقل بنیادوں پر 2 اسپیشل مجسٹریٹ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی تاکہ واجبات کی وصولی اور پانی چوروں کے خلاف نئے آرڈیننس کے تحت تیزی سے کارروائی ممکن ہو، واجبات کی وصولی بھی فعال ہوسکے لہٰذا واٹربورڈ اس سلسلہ میں وزارت قانون سے رجوع کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح ایم ڈی واٹربورڈ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد واٹربورڈ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی ایم ڈیز ، چیف انجینئرز ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے سجاد حسین عباسی نے ہدایت کی کہ پانی اور سیوریج کی لائنوں کو جو 30سال سے زیادہ پرانی ہیں تبدیل کرنے کے لئے فور طور پر منصوبہ بندی کریں ان کاتخمینہ لگائیں تاکہ وفاقی حکومت اور دیگر ذرائع سے فنڈنگ ممکن ہو ہمیں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کی تبدیلی کو ترجیح دینا ہوگی، اس سے نہ صرف پانی کے ضیاع کو روکا جاسکے گا بلکہ لیکیجز کا خاتمہ ہوگا ، سیوریج سسٹم بھی بہتر ہوگا اور گندگی سے نجات مل سکے گی ، انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کا مسئلہ نہایت اہم ہے اس پر قابو پانا ہوگا ، طلب اور پانی کی دستیابی میں واضح فرق ہے لہٰذا کے فور کے منصوبہ آب رسانی اور نکاسی آب کے منصوبہ S-III کوشفافیت سے تیزی سے مکمل کرنا ہوگا ، اس دوران فیلڈ افسران اپنے ماتحت افسران اور اسٹاف سے کام لیں اور مثبت حکمت عملی سے Tail endمیں بھی پانی پہنچایا جائے ، اس کے لئے ہمیں ڈسٹری بیوشن سسٹم میں مزید بہتری لانا ہوگی ، ایم ڈی واٹربورڈ سجاد حسین عباسی نے کہاکہ ہمیں ہر صورت شہریوں کے اعتمادپر پورا اترنا ہے ، ہر افسر اور اسٹاف کو شہریوں کی خدمت کو شعار بنانا ہوگا ، ہمیں اب عملاً کام کرنا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ واٹربورڈ کے تمام شعبوں کے سربراہان اپنے محکموں کے مسائل ان کے حل پر مشتمل تجاویز پیش کریں تاکہ ان کے حل پرحکمت عملی وضع کی جاسکے انہوں نے کہا کہ محکمہ ریوینیو کو وصولی کے ہدف کو لازمی پورا کرنا ہے جس قدر پانی فراہم کیا جارہا ہے اس کے مطابق بلنگ لازمی کی جائے اور ریکوری کو ممکن بنایا جائے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے اس موقع پر میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں میڈیا کے تعاون پر ممنون ہوں مجھے یقین ہے کہ میڈیا مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں مثبت کردار ادا کرے گا تاکہ واٹربورڈ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ، انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ معزز سپریم کورٹ کی ہدایت پر 200سے زائد غیر قانوننی ہائیڈرنٹس منہدم کرچکا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہتا ہے ، پانی کی چوری روکنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رہنمائی اور تعاون سے واٹربورڈ مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا انہوں نے کہا کہ کمپلینٹ سینٹر میں ملنے والی شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے گی اور شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیاجائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت 550ملین گیلن پانی دستیاب ہے جبکہ پانی کی ضرورت 1080ملین گیلن ہے تاہم اس کمی کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن تدابیر اختیار کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان روزانہ اپنے محکموں کی بریفنگ دیں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ افسران سرکاری امور کی بروقت انجام دہی کیلئے رابطہ میں رہیں ہر کام کو جلد از جلد مکمل کریں ،غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :