مسلم لیگیوں کے اتحاد کی گاڑی چل پڑی، ہر مسلم لیگی سوار ہو گا: چودھری شجاعت کی ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات

چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بھی جائینگے، مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی الائنس کرینگے پاکستان کی خالق جماعت ہی عوام کیلئے امید کی کرن ہے، مسلم لیگی حکومت میں یا جہاں بھی ہے ساتھ لائیں گے: میڈیا سے گفتگو چودھری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ، سردار مقصود لغاری کا پرتپاک استقبال، ن لیگ مسلم لیگ نہیں نواز لیگ ہے: ذوالفقار کھوسہ

پیر 31 اگست 2015 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگیوں کے اتحاد کی گاڑی چل پڑی ہے جس میں ہر مسلم لیگی سوار ہو گا، مسلم لیگیوں کے اتحاد کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی الائنس کریں گے۔ وہ یہاں سینئر مسلم لیگی رہنما، سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

سردار ذوالفقار کھوسہ نے گیٹ پر چودھری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور سردار مقصود لغاری کو نہایت تپاک سے خوش آمدید کہا اور چودھری شجاعت حسین کو گرمجوشی سے گلے لگایا، ان کے درمیان تیرہ سال بعد ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت اور عوام کیلئے امید کی کرن ہے، مسلم لیگی حکومت میں یا جہاں بھی ہوں ہم ان کو متحد کریں گے، پاکستان مسلم لیگ کا نام نہ صرف ہمیشہ قائم رہے گا بلکہ آگے بڑھے گا کیونکہ یہ واحد جماعت ہے جو بہتری لا سکتی ہے، اس لیے ا، ب، پ کے نام سے سب مسلم لیگیوں کو اکٹھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقہ سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں قافلہ آگے بڑھتا رہے گا سب کو یہ سوچ آ گئی ہے کہ مسلم لیگ ہی تبدیلی لائے گی، سردار ذوالفقار کھوسہ کا اور ہمارا مقصد ایک ہے جو لوگ بھی مسلم لیگ چھوڑ کر گئے ہیں ہم سب کو اکٹھا کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو بھی پہلے مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں میں جائیں گے اور تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے۔

سردار ذوالفقار کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی کوششوں میں مکمل طور پر ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ مسلم لیگ نہیں کیونکہ وہ اپنے آپ کو خود نواز لیگ کہتے ہیں جو کہ ذاتی لیگ ہے، چودھری شجاعت نے بروقت فیصلہ کر کے مسلم لیگ کے اتحاد کو روح بخشی ہے ہم سب مل کر ایک مقصد کیلئے آگے بڑھیں گے۔`