وزیر اعظم نوازشریف سے جرمن وزیر خارجہ کی ملاقات ،پاک جرمن تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

خطے کے استحکام اوردہشت گردی کیخلا ف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، فرینک والٹر

پیر 31 اگست 2015 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر سٹن مئیر نے ملاقات کی ہے جس میں پاک جرمن تعلقات ،خطے کی صورت حال سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق پیر کے روز جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر نے یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ،سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور دیگر اعلی حکام موجود تھے جبکہ جرمن کے پاکستان میں متعین سفیر اور جرمن وزارت خارجہ کے حکام بھی ملاقات میں شریک تھے،ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک جرمن تعلقات ،خطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت عالمی امور پر گفتگوکی گئی جبکہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ،جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے،انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کا ثالثی کا کردار قابل تعریف ہے،ان مذاکرات سے افغانستان سمیت خطے میں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی ،پاکستان کو مذاکرات کی کامیابی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔