ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا وزیر اعظم کو وعدہ یاد دلانے کیلئے کا روانِ غیرت اسلام آباد لے جانے کا اعلان

اقتدار میں آنے سے قبل نوازشریف نے عافیہ رہائی معاملے پرحکمرانوں کو غیرت سے عاری قرار دیا تھا،سربراہ عافیہ موومنٹ

پیر 31 اگست 2015 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ’’کاروانِ غیرت‘‘ غیر تمندوں کا کارواں ہے ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقتدارمیں آنے سے قبل اپنے انتخابی مہم کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے والے اس وقت کے حکمرانوں کو غیرت سے عاری قرار دیا تھااور قوم سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلوا کر پاکستان لائیں گے لیکن آج میاں نواز شریف خود بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر چشم پوشی اختیار کرچکے ہیں ۔

کاروانِ غیرت کا سلسلہ جاری رہے گا اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کو ان کا وعدہ یاد دلانے کیلئے غیرت مند عوام کا یہ کا روان اسلام آباد بھی جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروانِ غیرت میں عوام کا جوش جذبہ قابل تحسین ہے ۔ اب حکمرانوں کو غیرتمند قوم کا غیر تمند حکمران بن کر دکھانا ہوگا۔ پوری قوم امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور پاکستان واپسی کے وعدے کے وفا ہونے کی منتظر ہے ۔

وہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں اورنگی ٹاؤن سے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے مختلف مقامات پر خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے بھی خطاب کیا جبکہ پاسبان پاکستان کے رہنما طارق جمیل ، طارق چاندی والا ، عبدالحاکم قائد ، شیخ محمد شکیل ، ظفر اقبال ، سردار ذوالفقار ، شوکت اﷲ خان ، جاوید ملک ، محمد سنان ، محمد عدنان ، دانش ، محمد عظیم ، غلام حیدر ، اختر قریشی ، وسیم غوری و دیگر بھی موجود تھے۔

الطاف شکور نے کہا کہ کاروانِ غیرت ہماری اپنی عزتوں کے تحفظ کا کاروان ہے ۔ یہ کاروانِ غیرت عوام کی عزت کے تحفظ اور حقوق کے لئے میدان عمل میں آیا ہے ۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بہادر بیٹی ہے جو 12سال سے امریکی قید میں ظلم و جبر برداشت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران نے پاکستان میں قتل اور جاسوسی کے جرم میں پکڑے جانے والے اور پاکستانی عدالتوں سے سزا یافتہ امریکی شہری امیر احمد کو سزا کی مدت پورا کئے بغیرخاموشی سے امریکہ کے حوالے کردیا انہیں اس موقع پر اپنی قوم کی بے گناہ بیٹی کی پاکستان واپسی کے معاملے پر امریکی حکمرانوں سے بات کرنی چاہئے تھی جو کہ انتہائی شرمناک امر ہے ۔

کاروان غیرت ریلی کا اورنگی نمبر 5، اورنگی نمبر 12,13، شاہ فیصل چوک ،جوہر چوک ، اکبر شہید چوک اورگلشن بہار میں شاندار استقبال کیا گیا اور ریلی کے قائدین و شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔اس موقع پر عوام نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کے حق میں پرجوش نعرے لگاتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لایا جائے۔