چیف سیکرٹری سندھ کاکرپشن میں ملوث 41افسران کیخلاف مقدمات درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم

مقدمات محکمہ بلدیات ،سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ،نیو سبزی منڈی کراچی ،محکمہ خوراک سمیت 11محکموں کے افسران کے خلاف درج ہونگے

پیر 31 اگست 2015 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) چیف سیکرٹری سندھ نے کرپشن میں ملوث 11مختلف محکموں کے 41افسران کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کو مقدمات درج کرنے اورقانون کے مطابق گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔یہ فیصلہ پیر کو چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن کی زیر صدارت اینٹی کرپشن کمیٹی ون کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں مختلف محکموں میں ہونے والی کرپشن کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ بلدیات میں 4مقدمات درج کیے جائیں گے ،جس میں پراپرٹی جعلی کاغذات بنانے پر ٹی ایم او لطیف آباد ظفر بیگ مغل ،ارشد پٹھان ،یاسین شاہ ،قاضی نسیم ،قاضی نہال ،29ملین روپے کے غب کے الزام میں ٹی ایم او سوبھو ڈیرو انور علی بلوچ ان کے عملے امداد علی شاہ ،افضل حسین دایو ،قادر بخش کلوڑ ،پراپرٹی کے جعلی کاغذات بنانے پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی (موجودہ کے ایم سی) کے ڈی ڈی او عمران قدیر ،خالد ہاشمی ،ندیم سفیان ،کلرک شاہد اقبال ،سلیم ،مسیح الدین ،منگھوپیر میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ چلانے کے الزام میں واٹربورڈ کے اظہار الدین ،اعجاز عالم ،عبدالقادر ،عارف فاروق ،صفی اﷲ خان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت میں 3مقدمات بنائے جائیں گے ،جن میں25لاکھ روپے غبن کے الزام میں ای ڈی او زراعت خادم علی تنیو ،ای ڈی او خدا بخش ،اکاؤنٹس آفیسر مظہر علی سومرو،سندھ سیڈ کارپوریشن میں سرکاری بیجوں کی خریدوفروخت میں مالی بدعنوانی میں لیاقت علی خانزادہ ،محمد روشن سومرو ،اسلم خانزادہ ،انور حسین ،نیو سبزی منڈی کراچی میں دکانوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی غلام قادر چاکرانی ،محمد ابراہیم اور دیگر شامل ہیں ۔

ایکسائز کے محکمے میں دو مقدمات بنائے جائیں گے ،جن میں کراچی میں موٹررجسٹریشن ونگ میں گاڑیوں کے جعلی کاغذات بنانے پر اعجازا احمد ،شوکت چنا ،شیراز گل ،اطہر سعید اور محمد ظفر اور موٹر رجسٹریشن ونگ جیکب آباد کے وحید احمد شیخ شامل ہیں ۔محکمہ خوراک میں 250میٹرک ٹن سرکاری گندم کی ہیر پھیر میں فوڈ انسپکٹر خیرپور محمد علی اجن جبکہ سندھ کوآپریٹو سوسائٹی میں اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث سلیم الدین چشتی ،اطہر حسین ،عبدالعزیز اور دیگر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ۔

چیف سیکرٹری نے محکمہ اینٹی کرپشن کو فوری طور پر مقدمات درج کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔چیئرمین اینٹی کرپشن سید ممتاز شاہ کا کہنا ہے کہ کاروائی مکمل ہونے پر بدعنوان افسران کو گرفتار کیا جائے گا ۔چیف سیکرٹری نے تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹریز اور مجاز اتھارٹیز سے کرپشن میں ملوث افسران کی فہرستیں اور تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :