عبدالقادر بلوچ کی سید قائم علی شاہ سے ملاقات ، وزیراعلی کا وفاقی اداروں کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار

وفاقی وزیر ریاستی وسرحدی امور نے معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرادی

پیر 31 اگست 2015 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے پیر کووزیراعلیٰ ہاؤس میں وفاقی وزیرریاستی و سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ نے وفاقی وزیر کو سندھ میں وفاقی اداروں کی کارروائیوں پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی ۔

وزیر اعلی سندھ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی مجا ز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر وفاق اداروں کی صوبے میں کارروائیاں حکومتی امورمیں مداخلت اور صوبائی خود مختاری کے خلاف ہیں ۔ان کارروائیوں پر سندھ حکومت کو شدید تحفظات ہیں ۔وفاقی حکومت کو اس صورت حال کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر صوبائی حکومت کے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے اور اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کراچی سمیت صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سندھ خصوصاً کراچی میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن اور ان کی واپسی کے حوالے سے بھی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ ادارے مل کر پالیسی کے مطابق کام کریں گے ۔