سینئر فنکاروں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کرنا ایک اچھی روایت ہے‘مصطفی قریشی

آرٹس کونسل اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن وہ کام کررہی ہیں جوسندھ کا محکمہ ثقافت بھی نہیں کررہا ہے،کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

پیر 31 اگست 2015 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) معروف اداکار مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ فن کی بدولت فنکار ہے‘ اپنے سینئر فنکاروں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کرنا ایک اچھی روایت ہے‘ آرٹس کونسل اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن وہ کام کررہی ہیں جوسندھ کا محکمہ ثقافت بھی نہیں کررہا ہے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ممتاز بینجو نواز محمد عزیز کے بارے میں سید سرور ندیم کی مرتبہ کردہ کتاب ’’ یہ ہے میری کہانی‘‘ کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر ہدایت کار سید نور‘ سینئر صحافی مختار عاقل‘ممتاز دانشور و شاعر نصیر مرزا‘ گلوکار محمد افراہیم‘ فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صد عبدالوسیع قریشی‘ چیئرمین اطہر جاوید صوفی ‘قیصر مسعود جعفری‘ کتاب کے مصنف سید سرور ندیم‘ استادشفیع وارثی پریس کلب کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ‘ بانسری نواز سلامت حسین‘ بیگم سلمیٰ مراد‘ گلوکار سلیم جاوید‘ماہر تعلیم عبدالمجید ابدانی ہدایتکار فرقان حیدر‘ رضوان صدیقی و دیگر نے بھی اظہار کیال کیا اور محمد عزیز کی خدمات کو سراہا ‘اس موقع پر قرأت و نعت قاری حامد محمود نے پیش کی۔

(جاری ہے)

جبکہ گلوکار عارف انصاری نے بھی اپناحمدیہ کلام سنایا۔ مصطفی قریشی نے مزید کہا کہ فنکار کی قدر اگر اس کی زندگی میں کرلی جائے تو کیا ہی اچھا ہوگا۔ محمد عزیز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ محمد عزیز کی انگلیاں بینجو پر رقص کرتی ہیں ان کے اس سازسے سننے والے پر ایک وجد طاری ہوجاتا ہے‘ عزیز بینجو سے محبت کرنے والا شخص ہے‘ اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار سید نور کا کہنا تھا کہ حیدر آباد سندھ ہمارا تاریخی شہر ہے میں نے اس کے بارے میں بہت کچھ سنا اور پڑھا تھا لیکن دیکھا نہیں تھا مجھے حیدر آباد بینجو نواز محمد عزیز نے دکھایا بہت محبت کرتے ہیں سینکڑوں فنکاروں کے اعزاز میں تقریب میں شرکت کرکے خوشی محسوس کررہا ہوں‘ کراچی والے پیار کرنے والے ہوتے ہیں ہم پنجاب والے بھی محمد عزیز بینجو نواز کے اعزاز میں تقریب رکھیں گے۔

میں حکومت پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے معروف بینجو نواز محمد عزیز کو پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا جائے۔مجھے دو سال پہلے ستارہ امتیاز مل چکا ہے اگر ممکن ہوتا تو میں اپنا یہ اعزاز انہیں دے دیتا‘ تقریب کے انعقاد پر پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس پاکستان کے سینئر فنکاروں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔

تقریب کے اختتام پر عبدالوسیع قریشی نے ایک قرار داد پیش کی جس میں محمد عزیز کو صدارتی ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔یہ قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں پر تکلف عشایئے کا اہتمام کیا گیا تقریب کی نظامت کے فرائض منصور عالم خان اور کنول نے انجام دیئے اس موقع پر محمد عزیز کو پھولوں کے تحائف بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :