عورتوں کے حقوق کیلئے دنیا کا سفر جاری رکھوں گی ، اس وقت کا بے چینی سے انتظار ہے جب بحفاظت پاکستان جا سکوں گی، لڑکیاں اپنی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کرنا شروع کریں،سیاست سمیت ہر شعبے میں حصہ لینے کیلئے مزید عورتوں کو آگے آنا چاہیے، مرد عورتوں کو ان کاجائز مقام دیں

نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

پیر 31 اگست 2015 17:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) دنیا میں سب سے کم عمری میں نوبل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ عورتوں کے حقوق کیلئے دنیا کا سفر جاری رکھوں گی ، اس وقت کا بے چینی سے انتظار ہے جب بحفاظت پاکستان جا سکوں گی، لڑکیوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کرنا شروع کریں،سیاست سمیت ہر شعبے میں حصہ لینے کیلئے مزید عورتوں کو آگے آنا چاہیئے،مردوں اور عورتوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اہم ہے، مردوں کو یہ چاہیئے کہ وہ عورتوں کو وہ جگہ دیں جو ان کا حق ہے۔

واشنگٹن میں ایک تقریب میں عورتوں کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم پر گفتگو کے بعد امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ لڑکیوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کرنا شروع کریں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ سیاست سمیت ہر شعبے میں حصہ لینے کے لیے مزید عورتوں کو آگے آنا چاہیئے ،میں سمجھتی ہوں کہ مردوں اور عورتوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اہم ہے۔

مردوں کو یہ چاہیئے کہ وہ عورتوں کو وہ جگہ دیں جو ان کا حق ہے۔ یہ اجتماعی کام ہے اور مجھے امید ہے کہ معیاری تعلیم اور ذہنیت بدلنے کے ساتھ ہم یہ تبدیلی دیکھیں گے اور ہم دیکھیں گے کہ عورتیں وہ کردار ادا کر رہی ہیں جو ان کا حق ہے۔ ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھاکہ وہ عورتوں کے حقوق کے لیے دنیا کا سفر جاری رکھیں گی اور اس وقت کا بے چینی سے انتظار کر رہی ہیں جب وہ بحفاظت پاکستان جا سکیں گی۔

انہوں نے اپنے والد کے بارے میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے حقوق کے لیے بولنے میں میری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی مگر مجھ پر دباوٴ نہیں ڈالا، مجھے مجبور نہیں کیا۔ میں نے ان سے سیکھا ہے اور جو کردار میں نے ادا کیا وہ ان کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہی ہے۔ملالہ کی زندگی پر حال ہی میں ایک دستاویزی فلم ”ہی نیمڈ می ملالہ“ریلیز ہوئی ہے ۔جولائی میں ملالہ 18 سال کی ہوئیں اور حال ہی میں انہوں نے او لیول کے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔