الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 122اور این اے 154 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، 11 اکتوبر کو میدان سجے گا

پیر 31 اگست 2015 16:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122اور این اے 154 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، دونوں حلقوں میں 11 اکتوبر کو انتخابات کا میدان سجے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو الیکشن کمیشن کے جاری کر دہ شیڈول کے مطابق دونوں حلقوں میں حصہ لینے والے امیدوار 10سے 11ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے ، 14سے 15ستمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی ، 17ستمبر تک ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گے اور ان اپیلوں پر فیصلہ 19ستمبر کو سنایا جائے گا جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 21ستمبر کو جاری کی جائے گی ،دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 11اکتوبر کو ہو گی۔

واضح رہے کہ این اے 122سے مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق اور این اے 154سے صدیق بلوچ آزاد امید وارکی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے اور بعد میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی تھی لیکن پاکستان تحریک کے مخالف امیدواروں کی جانب سے دونوں حلقوں میں جیتنے والے امیدواروں کے انتخاب کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا اور الیکشن ٹریبونل نے دونوں حلقوں میں انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخاب کا حکم سنایا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر دونوں بڑی جماعتوں نے ان حلقوں میں اپنے امیدواروں کا بھی اعلان کردیا ہے تاہم اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے مشروط طور پر انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے اور الیکشن ممبران کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں انتخابات کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کر رکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :